مظفرآباد: سکول ٹیچرزآرگنائزیشن آزاد کشمیر کی جانب سے مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاج

رپورٹ: PTUDC آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں سکول ٹیچرزآرگنائزیشن آزاد کشمیر کی جانب سے اساتذہ کی سکیل اپگریڈیشن کے دیرینہ اور تسلیم شدہ مطالبہ سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لئے مورخہ 16 فروری کو ریاست کے دارلحکومت مظفرآباد میں بھرپور احتجاجی جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ میں ریاست بھر سے ہزاروں اساتذہ نے شرکت کی اور اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

جلسہ عام میں اعلان کیا گیا کہ جب تک ان کے مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاتا، تب تک ریاست بھر میں تدریسی سرگرمیوں کا اساتذہ کی جانب سے مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جانب سے اساتذہ کی قیادت کو مذاکرات کے لئے کشمیر ہاؤس میں کل بروز جمعرات بلوایا گیا ہے۔

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کی گئی اور ملازمین کے ساتھ  یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ یاد رہے کہ آزاد کشمیر کے اساتذہ کو پچھلے ماہ مظفرآباد اسمبلی تک پرامن مارچ کرنے کے دوران پولیس کی جانب سخت تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اساتذہ 2009ء کی تعلیمی پالیسی کے تحت اپگریڈیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، دوسری جانب آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں پر نجکاری کی بے رحمانہ تلوار چلائی جا رہی ہے اور تیزی سے اداروں کو نجی شعبے کے حوالے کیا جا رہا ہے۔