خیرپورمیرس: پی ٹی یو ڈی سی رہنماشہباز پھلپوٹو پر غنڈہ گرد عناصر کے حملے کے خلاف احتجاج

رپورٹ: PTUDC خیرپورمیرس

خیرپورمیرس میں ٹھیلہ اور ریڑھی مزدوروں سے بھتہ خوری کے خلاف آواز اٹھانے پر مورخہ 28 ستمبر کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC کے رہنما کامریڈ شہباز پھلپوٹو پرغنڈہ گردعناصر نے حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا۔ تاحال حملہ آوروں کو اے سیکش پولیس گرفتار نہیں کر سکی۔ ٹھیلہ مزدور یونین نے اپنے ٹھیلے بند کرکے مورخہ 29 ستمبر کو پنجگلا چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔

ریلی کی قیادت کامریڈ وہاب شیخ، میر خان ناریجو، راڈھو شیخ، حبیب درانی، رجوان ملک، نوید لاکھو اور دوسرے کر رہے تھے۔ جبکہ پریس کلب کے سامنے ریلی کی حمایت میں پھلپوٹہ نوجوان اتحاد سندھ کے صدر زاہد خان پھلپوٹو، شاہد پھلپوٹو، عرفان پھلپوٹو، اسکارپ ورک شاپ ڈویژن کے رہنما فیاض سومرو، شہباز ملانو، زاہد میمن، برکت سومرو، PTUDC کے مرکزی رہنما کامریڈ سعید خاصخیلی اور دوسرے رہنماؤں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزدور پر ہر دور میں بے انتہا ظلم ہوتا رہا ہے، خیرپور میں ایک غنڈہ گرد گروپ مزدوروں کو اپنی روزی کرنے نہیں دے رہا، ٹھیلہ مزدوروں سے بھتہ مانگ رہے ہیں اور نہ دینے کی صورت میں  دھمکیاں دیتے ہوئے حملے کر رہے ہیں۔ حملہ آوروں پر اے سیکشن تھانے میں این سی داخل ہونے کے باوجود پولیس کوئی قدم نہیں اٹھا رہی، افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ خیرپور کے منتخب نمائندوں کے کارندے، مزدوروں کے لیے آواز اٹھانے والے رہنما ؤں پر حملے کر رہے ہیں۔ ایسے واقعے میں ملوث تمام افراد کو فی الفور گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔

 PTUDC کے مرکزی جنرل سیکرٹری قمر الزمان خان، آل پاکستان ایمپلائز‘ پنشنرز اینڈ لیبر تحریک کے رہبر تحریک محمد اسلم خان سمیت دیگر مزدور رہنماؤں نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان غنڈہ گرد عناصر کو فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*