کوئٹہ: بلوچستان کے ملازمین اور محنت کشوں کے وسیع اتحاد کا ’بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس‘ کے نام سے قیام

رپورٹ: PTUDC کوئٹہ

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے زیراہتمام صدر ڈاکٹر یاسر اچکزئی کی زیر صدارت بلوچستان کے ملازمین اور ورکرز تنظیموں کا اجلاس پی جی ایم آئی ہال سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC، سول سیکرٹریٹ آفیسرزویلفئیر ایسوسی ایشن ، بلوچستان سول سیکرٹریٹ اسٹاف ایسوسی ایشن، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان، گورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن بلوچستان ،پاکستان ورکرزکنفیڈریشن ،بلوچستان ورکرز فیڈریشن ،بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن ،ایپکا، گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان(آئینی)، سیسابلوچستا ن، بلوچستان سیکرٹریٹ کوآپریٹو سوسائٹی، پاکستان پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن، پاکستان ورکرز فیڈریشن، پی اینڈ ڈی آفیسرز ایسوسی ایشن، پی ایم اے ، اے پی پی ایم ایس ایف، ڈبلیو ٹی اے، ینگ نرسز ایسوسی ایشن، بی ایس ٹی یو، ایریگیشن ایمپلائز ایسوسی ایشن، نیشنل پروگرام ایسوسی ایشن،پاکستان ورکرز کنفڈریسن, بلوچستان کلرکس اینڈ ٹیکنیکل، متحدہ لیبر فیڈریشن، الائیڈ ٹیچرز فیمیل اور بی ایس ٹی یو کے صدور، جنرل سیکرٹریز و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

مرکزی رہنما پی ٹی یو ڈی سی حمید خان اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔

اجلاس میں سرکاری ملازمین کے پنشن کے خاتمے، سالانہ انکریمنٹ کی الاؤنس میں تبدیلی ، سرکاری ملازمین کے 60 سال کی بجائے 55 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ، صوبائی ملازمین کے بینولنٹ فنڈز کے نوٹیفکیشن کے اجرا میں بلاجواز تاخیر سرکاری ملازمین کے لواحقین کوٹہ اور تمام ملازمین کے لئے ہیلتھ انشورنس کارڈ کے حوالے سے مشترکہ جدوجہد اور لائحہ عمل کا فیصلہ کیا گیا۔ ملازمین کے اس مشترکہ پلیٹ فارم کو بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کا نام دیا گیا۔ اجلاس میں تمام تنظیموں کے صدور یا جنرل سیکرٹریز پر مشتمل ایگزیکٹیو کونسل تشکیل پایا جس نے پندرہ اراکین پر مشتمل ایکشن کمیٹی منتخب کی۔ بلوچستان سول سیکرٹریٹ آفیسرز ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمالک کاکڑ کو بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کا کنوینر منتخب کیا گیا۔ ایپکا کے صدر داد محمد بلوچ سیکرٹری، بی پی ایل اے کے صدر پروفیسر آغا زاہد اور وائی ڈی اے کے صدر ڈاکٹر یاسر خان اچکزئی ترجمان اور سیسا کے صدر قاسم خان کاکڑ سیکرٹری فنانس منتخب ہوئے۔

دریں اثنا بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کی ایکشن کمیٹی کا اجلاس 27جولائی بروز سوموار شام چار بجے طلب کیا گیا ہے جس میں تنظیمی امور اور لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*