کوئٹہ: بی ڈی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تحریک کامیاب، ملازمین کی مستقلی کا نوٹیفکیشن جاری

رپورٹ: PTUDC کوئٹہ

بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کے لیے گزشتہ دس روز سے جاری تا دم مرگ بھوک ہڑتال بالآخر رنگ لے آئی اور صوبائی حکومت نے ایکشن کمیٹی کے مطالبات منظور کرتے ہوئے ملازمین کی مستقلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ جمعہ کو صوبائی وزیرانجینئر زمرک خان اچکزئی نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بی ڈی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں آکر ہڑتالی ملازمین کو جوس پلا کر ہڑتال ختم کرائی۔ اس سے قبل جمعرات کو پاکستان ورکرز کنفیڈریشن، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام پریس کلب کے سامنے ہڑتالی ملازمین کے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ہڑتال ختم کرنے کے بعد بی ڈی اے جوائنٹ ایکشن کے ہڑتالی ملازمین اور دیگر مزدور تنظیموں کے زیر اہتمام ایک ریلی نکالی گئی اور جو مختلف شاہراؤں سے ہوتی ہوئی گورنر ہاؤس چوک کے سامنے دھرنے کی شکل اختیار کرگئی۔ 

دھرنے کے دوران بی ڈی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں  نے تمام مزدورتنظیموں، وکلا برادری، سیاسی پارٹیوں اور دیگر سماجی تنظیموں کی اس تحریک میں اظہار یکجہتی اور شرکت کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔ ملازمین کی مستقلی کی یہ تحریک محنت کشوں کے اتحاد اور مختلف اداروں کے مزدوروں کی شرکت کے بغیر ناممکن تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*