کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین کا کامیاب احتجاج، تنخواہوں میں اضافہ کی منظوری

رپورٹ: PTUDC کراچی

پاکستان کے منافع بخش اور اہم ترین ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے اور دیگرمسائل کے حل کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ منظورشدہ اضافہ نہ دینے پرکل ملازمین نے سول ایوی ایشن ہیڈ کواٹر کراچی میں شدید احتجاج کیا۔ اس موقع پر ڈی جی اور ڈائریکٹر ایچ آر کو دفاتر میں بند کر دیا گیا اور قانونی طور پر بورڈ سے منظور شدہ عید بونس اور تنخواہوں میں اضافے پر سخت احتجاج کیا گیا۔ 

احتجاج کے دباؤ کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی بورڈ کے اجلاس میں چیئرمین نے باقاعدہ تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے وزارت خزانہ کو سمری روانہ کردی اور وزارت خزانہ کی منظوری کے بعد ملازمین کی تنخواہوں میں فوری طور پر اضافہ کردیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق سی اے اے بورڈ نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے افسران کی تنخواہوں میں بھی 20 فیصد اضافہ کیا جائے گا اور دیگر عملے کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔  سول ایوی ایشن اتھارٹی بورڈ کے اجلاس میں چیئرمین سی اے اے نے باضابطہ طور پر منظوری دی۔

بورڈ کے اجلاس میں ملازمین ایس جی 1 تا 11کے ملازمین کو فوری طور پر50 ہزارر وپے ادا کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور وزارت خزانہ کی منظوری کے فوری بعد ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی مزید رقم بھی ایڈجسٹ کردی جائے گی۔