فیصل آباد: ریلوے ورکرز یونین کے سابق صدر اور ترقی پسند مزدور رہنما عاشق حسین چودھری (مرحوم) کے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

رپورٹ: علی تراب

پاکستان ورکرز یونین اوپن لائن کے زیر اہتمام مورخہ 15 مارچ 2021ء کو فیصل آباد پریس کلب میں ریلوے ورکرز یونین کے سابق صدر اور ترقی پسند مزدور رہنما عاشق حسین چودھری (مرحوم) کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ملک بھر سے ریلوے یونینز کے لیڈران اور دیگر مزدور تنظیموں کی رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب میں ڈاکٹرعمررشید،  پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری PTUDC  کی سربراہی میں کے وفد نے شرکت کی اور مزدوروں کی جدوجہد میں آخری حد تک ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مزدور اتحاد اور مزدور طبقے کے مفادات کے تحفظ کے لیے عاشق حسین چودھری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ریلوے یونینز کے رہنماؤں نے عاشق حسین کی جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے موجودہ حکومت کی جانب آئی ایم ایف کی ایما پر نافذ کی جارہی مزدور دشمن نجکاری اور رائٹ سائزنگ کی پالیسی کے خلاف متحدہ جدوجہد کرنے کا عزم کیا۔

اس سلسلے میں آج 16 مارچ لاہورمیں ریلوے یونینز کے نمائندگان کا اہم اجلاس  بھی منعقد ہوگا جس میں مستقبل کی تحریک کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ریلوے پالیسی سازوں کے فیصلے کے مطابق ریلوے کا 35 فیصد اسٹاف کم کر دیا جائے گا جبکہ ریل مزدوراتحاد اور ریل مزدور محاذ نے برملا اعلان کیا ہے کہ ریلوے کے کسی ملازم کی چھانٹی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ملازمین دشمن پالیسیوں کے خلاف ریل مزدور اتحاد نے تحریک چلانے کا فیصلہ کر دیا ہے۔ جس کے مطابق 17 مارچ کو ڈی ایس آفس لاہوراور 24 مارچ کو ملتان میں احتجاجی مظاہرہ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ یہ تحریک چھانٹی کے فیصلے کو واپس لینے تک اور H.R مینیجر جمشید انعام کی ریلوے سے برخاستگی تک جاری رہے گی۔