کامریڈ نتھو مل بھی ہم سے بچھڑ گئے !

رپورٹ: PTUDC انفارمیشن بیورو

کامریڈ نتھو مل ہنس مکھ، محفلوں کی جان، انقلابی نظریات پر بے لوث مگردوستوں کیلئے سب کچھ قربان کرنے والا خوبصورت ساتھی کاروان انقلاب سے راہ عدم ہوگیا۔ صبح چار بجے کے قریب دل کے جان لیوا دورہ ان کو ہم سے چھین کر لے گیا۔

کامریڈ نتھو مل کی ساری زندگی سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد کے لئے وقف تھی اور ہرتحریک میں ہراول دستوں میں کھڑے رہے۔ ابھی کل رات ہی حیدرآباد کے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف جاری تحریک کے حوالے سے سندھ بھر میں یکجہتی مظاہروں کے حوالے سے حکمت عملی طے کر رہے تھے۔

کامریڈ نتھو مل کا یوں اچانک چلے جانا، نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری دنیا کے محنت کشوں کی تحریک کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ یہ دکھ ناقابل برداشت ہے، کامریڈ کے خاندان اور ملک بھر کے انقلابی ساتھیوں کے لئے بہت ہی اذیت ناک ہے۔

کامریڈنتھو، ہم اور آپ انقلابی گیتوں، نعروں اورطبقاتی جدوجہد کی ہرپیش رفت میں ساتھ رہیں گے۔

جسم کی موت کوئی موت نہیں ہوتی ہے

جسم مٹ جانے سے انسان نہیں مر جاتے

دھڑکنیں رکنے سے ارمان نہیں مر جاتے

سانس تھم جانے سے اعلان نہیں مر جاتے !