رحیم یارخان: ڈسٹرکٹ ورکرزایکشن کمیٹی کا اجلاس

رپورٹ: PTUDC رحیم یارخان

ڈسٹرکٹ ورکرزایکشن کمیٹی کااجلاس زیرصدارت سردارحسن نوازخان نیازی ایڈووکیٹ منعقدہوا،   اجلاس کے مہمان خصوصی مزدوررہنماء سیدزمان خان تھے۔  اجلاس میں پی ٹی یوڈی سی کے مرکزی رہنماء حیدرچغتائی،   کوکاکولا کے مزدوررہنماء خالدپرویز،   اسلم بھٹی،   پاکستان پیپلزپارٹی سٹی تنظیم کے نائب صدرسہیل درانی،   سینئررہنماء سیدحسنین شاہ اوررزاق سومرو،   پی ٹی آئی لیبرونگ کے شبیرخان بنگش،   پی ایس ایف سائوتھ پنجاب کے رانافہد،   پختون ملی پارٹی کے مومن زار،   عمیربھٹی،   میاں فیصل،   ایم آرڈی ڈبلیوکے ملک ندیم،   سمیع بلوچ،   سجادشاہ،   رب نواز،   نعیم مہاندرہ ایڈووکیٹ،   علی ملک،   عمران ارشد،   اشرف پیرجی اوردیگرمزدورتنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حسن نوازخان نیازی،   سیدزمان خان،   محمدعلی ملک اورحیدرچغتائی نے کہاکہ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یوم مئی 2017ء  کے دن تمام سرکاری ونیم سرکاری ادارے مکمل طورپربندہونے چاہیں یوم مئی کے دن ہم یونی لیوراوردیگراداروں سے برطرف ملازمین کے حق میں دھرنادیں گے اورمطالبہ کریں گے ان کو فی الفوربحال کیاجائے۔  انہوں نے کہاکہ یوم مئی کے حوالے سے انتظامات آخری مراحل میں ہیں اورخوشی محسوس کرتے ہیں کہ تمام مزدورتنظیمیں بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہی ہیں اورامید کرتے ہیں کہ اس مرتبہ یوم مئی بھرپوراورموثرطریقے سے منایا جائے گا۔
 
 رحیم یارخان میں یوم مئی کے حوالے سے تقریبات مثالی ہوتی ہیں ڈسٹرکٹ ورکرزایکشن کمیٹی کی جانب سے کئے جانے والے مطالبات چارٹرآف ڈیمانڈ کی صورت میں تحریری طورپروزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اوردیگراداروں کوارسال کرتے ہیں اس مرتبہ بھی ہم نے ارسال کردئیے ہیں۔  ڈسٹرکٹ ورکرزایکشن کمیٹی رحیم یارخان میں تمام مزدورتنظیموں کی نمائندہ جماعت ہے جو کہ دنیا بھرکے محنت کشوں کی آوازاجاگرکرنے میں اہم کرداراداکررہی ہے۔  جومزدورتنظیمیں اپنے حقوق کے لئے جدوجہدکررہی ہیں ہم ان کے ساتھ مکمل اظہاریکجہتی کرتے ہیں ۔