نادرا ملازمین کی جبری برطرفیوں کا سلسلہ بند کیا جائے، رضا خان سواتی

رپورٹ: PTUDC حیدرآباد

پاکستان ٹریڈ یونین دیفنس کمپئین PTUDC کے صوبائی عہدیداران کا ہنگامی اجلاس PTUDC حیدرآباد آفس میں مورخہ 25 ستمبر کو منعقد ہوا، جس میں PTUDC سندھ کے صدر انور پنہور، جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ نثار احمد چانڈیو، PTUDC سندھ کے سینئر نائب صدر اور نادرا ایمپلائز یونین کے سابق رہنما رضا خان سواتی، ایسر داس و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں نادرا کراچی سے روزانہ کی بنیاد پر جبری طور پر برطرف کئے جانے والے ملازمین کے معاملے کو زیر بحث لایا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رضا خان سواتی نے حالیہ دنوں نادرا میں ہوئی جبری برطرفیوں پر تفصیل سے بات کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ نادرا کو بغیر کسی اتھارٹی کے بطور جاگیر چلایا جارہا ہے اور ادارے میں ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف کوئی کچھ بھی کہنے سننے والا نہیں ہے۔ حال ہی میں کراچی سے گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل نادرا کے ملازمین کو بغیر کسی جواز کے اُن کی ملازمتوں سے فارغ کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔ انتظامیہ اپنی پسند ناپسند کی بنیاد پر ادارے سے کئی ملازمین کوبے دخل کرچکی ہے۔ دوسری جانب ادارے میں سیاسی بھرتیوں کا رجحان بڑھتا جارہا ہے جہاں سیاسی رہنماؤں کے ”بھتیجوں اور بھانجوں“ کو بغیر کسی اشتہار اور میرٹ و قابلیت کے بھر تی کیا جارہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ گزشتہ کئی ماہ سے ادارے کے ملازمین کو اپنے حقوق کی آواز بلند کرنے کی پاداش میں انتظامیہ حراساں کررہی ہے اور ان کی آواز کو بے دردی سے کچلا جارہا ہے۔

PTUDC کے انور پنہور اور ایڈوکیٹ نثار احمد چانڈیواور ایسر داس و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتظامیہ کے اس عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطرف کئے گئے تمام ملازمین کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور انہیں یونین سازی کا حق مہیا کیا جائے، پروموشن بورڈ کو میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے۔ نادرا سروس اسٹریکچر کا قیام عمل میں لایا جائے اور غیرقانونی بھرتیوں سمیت سیاسی مداخلت پر پابندی عائد کی جائے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ملازمین کی آواز کو نہ دبایا جائے دیگر صورت میں دیگر قومی اداروں کے ساتھ مل کر نادرا ملازمین کے لئے ملک گیرتحریک اور احتجاجوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*