لاہور: ریلوے ڈیزل انجن شیڈ میں احتجاجی بھوک ہڑتال کیمپ

رپورٹ: PTUDC لاہور

اگر ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے یا کسی ساتھی کے خلاف انتقامی کاروائی کی گئی تو ریل کا پہیہ جام کر دیا جائے گا، مقررین

ریل مزدور اتحاد کے پلیٹ فارم سے سرگرم پاکستان ریلوے کی مختلف لیبر یونینز بشمول پاکستان ریلوے لیبر یونین ریلوے، ورکر یونین ورکشاپس، ڈپلومہ انجینئر فیڈریشن اور سپروائزار ویلفیئرز ایسویسی ایشن کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں مورخہ 2جنوری سے ڈیزل انجن شیڈ لاہور میں احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ کا آغاز کیا گیا۔ پہلے روز بھوک ہڑتالی کیمپ کاآغازریلوے لیبر یونین کے قائد محمد سرفراز خان، ڈپلومہ انجینئر فیڈریشن کے صدر میاں محمود ننگیانہ، لیبر یونین کے صدر عنایت گجر، ریلوے ورکر یونین C.B.A ورکشاپس کے جنرل سیکرٹری رانا معصوم علی، نائب صدر شہزاد جاوید سپروائزار ویلفئیر ایسویسی ایشن کے صدر ناصر محمود کی جانب سے کیا گیا۔ اس موقع پر عنایت گجر، سرفراز خان اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھوک ہڑتال ہمارے مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گی۔ بھوک ہڑتال کے بعد اگر سکیلوں کی اپ گریڈیشن نہ کی گئی، ٹیکنیکل الاؤنس 25 فیصد نہ کیا گیا، ٹی ایل اے، پرائم منسٹر پیکج اور کنٹریکٹ ملازمین کو کنفرم نہ کیا گیا تو ہم بھوک ہڑتال سے بھی بڑھ کر انتہائی قدم اٹھانے سے گریز نہیں کریں گے بھوک ہڑتالی کیمپ میں اگر کسی بھی ہڑتالی ساتھی کو کوئی بھی نقصان پہنچاتو اس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔

دوسرے روز مورخہ 3جنوری کو بھوک ہڑتالی رہنماؤں میں لیبر یونین کے حکیم الدین، سپروائزر ایسوسی ایشن کے سرفراز احمد، ریلوے ڈپلومہ ایسو سی ایشن سے محمد ریاض، ورکر یونین ورکشاپس سے افتخار احمد، فاقت علی، کلیم اللہ اور ضیا مصطفٰے شامل تھے۔ محنت کشوں نے اپنے مطالبات پورے ہونے تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعیادہ کیا۔ ریلوے کے محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے سٹیل ملز لاہور اور ریل مزدور راولپنڈی کے مختلف رہنماؤں نے شرکت کی۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین   PTUDC سے عمر شاہد، عامر کریم اور انقلابی طلبہ محاذ سے عمار یاسر نے کیمپ میں شرکت کی اور محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے اپنے تعاون کا مکمل یقین دلایا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*