حیدرآباد، میرپورخاص، جامشورو، میرپور بٹھورو اور گلاب لغاری میں یوم مئی کی تقاریب

حیدرآباد میں یوم مئی کے موقع پرریلی
رپورٹ: اویناش

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC اورٹریٹ کارپوریشن ایمپلائز یونین کی جانب سے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقعے پر شکاگو کے شہیدوں کی عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے حیدر چوک سے پریس کلب حیدآباد تک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں نادرا،OGDCL، ایپکا، واپڈا ہائیڈرو یونین، نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن ایمپلائز یونیٹی، شوزمیکرزایسوسی ایشن، انقلابی طلبہ محاذ، بیروزگارنوجوان تحریک اور ریلوے ورکرز یونین و دیگر اداروں سے محنت کشوں، نوجوانوں، خواتین اور سماج کے بیشترشعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادتPTUDCسندھ کے جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ نثار احمد چانڈیواور ٹریٹ کارپوریشن ایمپلائزیونین کے شیخ عدنان کررہے تھے۔ شرکا نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے جن پر شکاگو کے شہیدوں کی جدوجہد کو سرُخ سلام سمیت مہنگائی، نجکاری، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، غربت اور متوقع مزدور دشمن بجٹ کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی حیدر چوک سے ہوتے ہوئے پریس کلب حیدرآباد پہنچی تو ایک جلسے کی صورت اختیار کرگئی جہاں ریلوے ورکرز یونین کے قربان علی بھنڈ، او جی ڈی سی ایل کے رہنما اکبر بھٹو، ٹریٹ کارپوریشن ایمپلائز یونین کے رہنما سلمان، منور اور شیخ عدنان،PTUDC کے رہنما نثار احمد چانڈیو اور راہول نے ریلی سے خطاب کیا۔

میرپور خاص میں یوم مئی کے موقع پر ریلی
رپورٹ: محمد حسین آریسر

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پرPTUDC، پیپلزلیبر بیورو میرپورخاص، سول سوسائٹی، کلرک ایسوسی ایشن، ٹیچرز ایسوسی ایشن، ریلوے ورکرز انقلابی یونین، ہاری کمیٹی، بیروز گار نوجوان تحریک، انقلابی خواتین ونگ، بھٹہ مزدور محاذ، بلدیہ یونین، اسٹیٹ لائف اشورنس ایمپلائز یونین آف پاکستان، خاصخیلی اتحاد، پیرا میڈیکل اسٹاف ایسو سی ایشن، دلت تحریک و دیگر تنظیموں کی جانب سے شکاگو کے شہیدوں کی عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے پوسٹ آفس سے میرپورخاص پریس کلب تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی میں کامریڈ پرشوتم، محمد حسین آریسر، خالد حسین، علی نواز خاصخیلی، رمیش کمار، تاج بلوچ، رادھا بھیل، نیم داس، عامر سلیم، عبدالستار ملک، طاہر شیخ، غلام محمد، اللہ وسایو خاصخیلی، بابو لال بھیل، غلام رسول سومرو، خالد حسین خاصخیلی و دیگر کی قیادت میں قافلوں نے ریلی میں بھرپور شرکت کی۔ ریلی میں شریک لوگوں نے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مہنگائی، بیروزگار، کرپشن، لوڈشیڈنگ، نجکاری و دیگر مسائل کے خلاف نعرے بازی کی اور حکمرانوں نے عوام کے مسائل جلد حل کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔

جامشورو میں یوم مئی کے موقعے پر سیمینار
رپورٹ: کامران

شکاگو کے شہیدوں کی عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے اور یوم مئی کی مناسبت سے PTUDC اور سندھی ادبی سنگت کی جانب سے ایک سیمینارکا انعقاد کیا گیا جس میں کسانوں، محنت کشوں، طلبہ اور نوجوانوں نے شرکت کی۔تقریب کے مہمان خاص PTUDC کے رہنمانثار احمد چانڈیو تھے جبکہ صدارت کامریڈ نتھو مل نے کی۔ سیمینار میں یوم مئی کی تاریخ اور عہد حاضر میں محنت کشوں کے مسائل اور ان کے حل پر تفصیل کی بات کی۔ تقریب سے خطاب کرنے والوں میں نثار چانڈیو، نتھو مل، راہول، ولہار چھچھڑ، حاجی خان میتلو، عبدلحق جلبانی، ساگر عالمانی، محمد ایوب جونیجو، منیش کمار و یگر شامل تھے جبکہ سہیل جویو نے انقلابی شاعری پیش کی۔

میرپور بٹھورو میں یوم مئی کے موقع پر ریلی
رپورٹ:سکندر زئنور

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پرPTUDC اور بیروزگار نوجوان تحریک کی جانب سے شکاگو کے شہیدوں کوسرخ سلام پیش کرنے، محنت کشوں سے ہونے والی ناانصافیوں، ٹھکیداری نظام، مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کے خلاف تلاء چوک میرپور بٹھورو سے بس اسٹاپ تک ایک ریلی منعقد کی گئی۔ جس میں کسانوں، محنت کشوں، سماجی تنظیموں، صحافیوں، طلبہ و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی شہر سے ہوتی ہوئی بس اسٹاپ پہنچی تو ایک جلسے کی شکل اختیار کرگئی جہاں غلام حسین ملام، جبار زئنوراور سکندر زئنورو دیگر نے ریلی سے خطاب کیا۔

گلاب لغاری میں یوم مئی کے موقع پر ریلی
رپورٹ: کریم لغاری

شکاگو کے شہیدوں کی عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے یوم مزدور کے موقع پرPTUDC اور بیروزگار نوجوان تحریک کی جانب سے حیدرآباد موڑ سے اگھامانو چوک گلاب لغاری تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر بھر کے مختلف شعبوں و اداروں سے تعلق ر کھنے والوں محنت کشوں، کسانوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے گزر کر اگھامانو چوک پہنچی تو ایک جلسے کی صورت اختیار کر گئی جہاں PTUDC کے مقبول لغاری، رتن کمار، کریم لغاری، ھاری اتحاد کے مولا بخش اور گسٹا کے رہنما رضوان نے ریلی سے خطاب کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*