اسلام آباد: 15 فروری کو پارلیمنٹ کے سامنے تاریخی احتجاج ہو گا، مزدور رہنماؤں کا پریس کانفرنس میں اعلان

رپورٹ: PTUDC اسلام آباد

15 فروری سرکاری ملازمین اور محنت کشو ں کے تاریخی احتجاج کا دن ہو گا، پورے ملک سے ہزاروں محنت کشوں کے قافلے اسلام آباد کے لئے روانہ ہو چکے ہیں اور مطالبات پورے ہونے تک احتجاجی دھرنا جاری رہے گا، اگر حکومت نے بزور طاقت ہمارے پرامن احتجاج کوروکنے کی کوشش کی تو پورا ملک جام کردیں گے، ان خیالات کا اظہار آل پاکستان ایمپلائز اینڈ لیبر تحریک کے رہنماؤں نے اسلام آباد پریس کلب میں کل مورخہ 13 فروری کو منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات میں سرفہرست نجکاری پالیسی کا خاتمہ اور اس کو یقینی بنانے کے لئے ہم آئی ایم ایف کی ایما پر بنائے گئے حکومتی نجکاری کمیشن اور ادارہ جاتی ریفارمز کمیٹی کی تحلیل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ملک میں جبری برطرفیوں کا سلسلہ جاری ہے، روزانہ کی بنیادوں پر محنت کشوں کو بر طرف کیا جا رہا ہے، مہنگائی، بیروزگاری اورغربت نے عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے۔ لہٰذاان مزدور حملوں کے خلاف ہماری تحریک میں شامل 61سے زائدتنظیمیں مورخہ 15فروری کو پارلیمنٹ کے سامنے تاریخی احتجاج کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 10فروری کو ایڈہاک ریلیف کی شکل میں سرکاری ملازمین کے لئے مراعات کا اعلان کیا گیا ہے تاہم ان مراعات میں پنشنرز، ڈیلی ویجز اور برطرف ملازمین کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ ہم بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ کم از کم اجرت کو ماہانہ 30ہزار روپے کیا جائے، پنشنرز کو ان کے حقو ق دیے جائیں اور جبری برطرفیوں کے سلسلے کو ختم کیا جائے۔ ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل اور مزدور دشمن پالیسیوں کو ختم کیا جائے۔

اس موقع پر سید عارف حسین شاہ، چیئرمین یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن، حاجی عبد المناف، چیئرمین آل پاکستان ایمپلائز کنفیڈریشن، سید نذر حسین شاہ، مرکزی صدر پاکستان فوڈ فیڈریشن، انصر وڑائچ، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری او جی ڈی سی ایل اتحاد یونین، سید ذیشان، جنرل سیکرٹری اتحاد یونین پی ڈبلیو ڈی، ملک شکیل اعوان، آل پاکستان پیرامیڈیکس ایسو سی ایشن کوآرڈینیٹر، محمد اعجاز، مرکزی جنرل سیکرٹری ریڈیو پاکستان، راجہ مجید، جنرل سیکرٹری میونسپل لیبر یونین میٹروپولیٹن کارپوریشن، راولپنڈی، راجہ عمران، مرکزی نائب صدر ریلوے لیبر یونین و ریل مزدور اتحاد، ڈاکٹر چنگیز ملک، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ میزبانی کے فرائض سینئر صحافی افضل بٹ سے سر انجام دیے۔

پریس کانفرنس کی مکمل ویڈیو