حیدرآباد، میرپور خاص، میرپور بٹھورو اور خیرپور میرس میں فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے

حیدرآباد
رپورٹ: اویناش

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور انقلابی طلبہ محاذ (RSF) کی جانب سے مورخہ 23 مئی 2021ء بروز اتوار کو فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مختلف ٹریڈ یونین رہنماؤں سمیت ترقی پسند تنظیموں اور طلبہ نوجوانوں و طالبات نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی جارحیت اور امریکی سامراج کے خلاف نعرے درج تھے۔ جبکہ مظاہرین کی جانب سے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔

PTUDC کے رہنما ایڈوکیٹ نثار چانڈیو اور راہول،نادرا ایمپلائز یونین کے سابق صوبائی صدر رضا خان سواتی، APCA ساقی گروپ کے رہنما فراج خان اور پروگریسو رائیٹرز ایسوسی ایشن حیدرآباد چیپٹر کے صدر منظور تھہیم و دیگر نے فلسطین پر حالیہ اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی اور کہا کہ فلسطین کو حقیقی آزادی حاصل کرنے کے لیے طبقاتی بنیادوں پرعالمی محنت کشوں سے جڑت پیدا کرتے ہوئے عالمی سامراجی قوتوں کے خلاف طبقاتی جنگ کا آغاز کرنا ہوگا۔

میرپور خاص
رپورٹ: محمد حسین آریسر

مورخہ 23 مئی 2021ء بروز اتوار کو میرپور خاص پریس کلب کے سامنے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف PTUDC اور RSF کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مختلف ٹریڈ یونینز سمیت سماجی و سیاسی تنظیموں کے ساتھیوں اور طلبہ نوجوانوں نے شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے PTUDC کے رہنما محمد حسین آریسر، کامریڈ پرشوتم اور کریم لغاری، RSF کے رہنما عمران کنبھر اور ممتاز آریسر نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا مستقل حل صرف اور صرف مشرقی وسطی کی سوشلسٹ فیڈریشن کے ذریعے ہی ممکن ہے، فلسطین کی عوام کو طبقاتی جدوجہد کا آغاز کرتے ہوئے عالمی محنت کشوں کو بھی اپنی جدوجہد میں شامل کرنا ہوگا۔

 

میرپور بٹھورو
رپورٹ: سکندر زئنور

اسرائیل کے فلسطین پر حالیہ حملوں کے خلاف میرپور بٹھورو پریس کلب کے سامنے بیروزگار نوجوان تحریک اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے جن پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے PTUDC کے ضلعی رہنما کامریڈ سکندر زئنور، جبار زئنور، وحید حیدر، شوکت سومرو، صدام زئنور و دیگر نے کہا کہ آج فلسطینیوں کی آواز سننے کے لیے کوئی بھی تیار نہیں، حالیہ حملوں میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 65 بچے اور 38 عورتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی حملوں کو فوری طور پر روکا جائے اور تمام سامراجی منصوبوں کو بند کرکے فلسطین کی آزادی کو یقینی بنایا جائے۔

خیرپورمیرس

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن کی جانب سے اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مورخہ 23 مئی کو خیر پور میرس میں ریلی نکالی گئی۔ 

ریلی کے شرکا سے کامریڈ اعجاز عباسی، کامریڈ شہباز، مختیار خمساٹی، فیض اللہ، عارب کوسو اور دیگر نے خطاب کیا۔