حیدرآباد: نجکاری مخالف لیبر کانفرنس

رپورٹ: کامریڈ اویناش ، انفارمیشن سیکریٹری PTUDC سندھ

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی جانب سے مورخہ 9 ستمبر بروز اتوار حیدرآباد پریس کلب میں نجکاری مخالف لیبر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت PTUDCسندھ کے صدراور مرکزی رہنما کامریڈ انور پنہور نے کی۔ کانفرنس میں سندھ بھر سے ٹریڈ یونین رہنماؤں سمیت بلوچستان سے پیرا میڈیکل اور نوپ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض راہول نے ادا کئے جبکہ صوبائی جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ نثاراحمد چانڈیو نے PTUDC کا مختصرتعارف پیش کیا۔

نجکاری، مہنگائی، لیبرپالیسی،غربت اور محنت کشوں کی حالت زار سمیت مزدوروں کے حقوق پر بات کرتے ہوئے مختلف ٹریڈ یونین رہنماؤں نے کہا کہ اس ملک میں جو بھی نیا حکمران بنتا ہے وہ صرف محنت کشوں پر ہی حملے کرتا ہے، PTI کی نومنتخب حکومت نے بھی آتے ہی مزدور دشمن پالیسیوں کا آغاز کردیا ہے جس میں ڈیلی ویجز ملازمین کو برطرف کرنے سمیت یوٹیلیٹی اسٹوز بند کرنے اور 200 اداروں کی متوقعہ نجکاری سمیت کئی ایسے ہتھکنڈے اپنائے جارہے ہیں جن کا مقصدصرف محنت کشوں کی زندگیوں کو مزید مشکلات میں دھکیلنا ہے ۔ اس قسم کے تمام اقدامات نہ صرف محنت کشوں کے خلاف ہیں بلکہ خود PTI کے اپنے منشور کے برعکس ہے ۔ نومنتخب حکومت نے روزگار دینے کی بات کی تھی جبکہ حالیہ پالیسیوں سے ظاہر ہورہا ہے کہ وہ روزگار چھیننا چاہتے ہیں۔ حکومت نے چند ہی دنوں میں بجلی،گیس، ایل پی جی، یوریا اور خوراک سمیت کئی اجناس کی بلاوجواز قیمتیں بڑھا کر مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے اور یہ ثابت کردیا ہے کہ یہ حکومت بھی غریب عوام کے لئے ماضی کی حکومتوں سے کسی طور پر بھی مختلف نہیں ہوگی۔ اداروں کی نجکاری سے نہ صرف پورا ملک معاشی و اقتصادی طور پر تباہ ہوجائے گا بلکہ ساتھ ہی محنت کش طبقے کی زندگیوں شدید مشکلات کا سامنا کرنے پڑے گا۔ تمام ٹریڈ یونین رہنماؤں نے ایک پلیٹ فارم پرمتحد ہو کر جدوجہد کرنے پر زور دیا۔

کانفرنس سے ریلوے ورکرز یونین کے مرکزی جنرل سیکریٹری جنید اعوان، نادرا کے صوبائی صدر رضا خان سواتی، پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی جنرل سیکریٹری شریف، ایپکا سندھ کے جنرل سیکریٹری میرل بھرگڑی، صدر اسد اﷲ درانی،PTUDC کے سندھ کے رہنما انور پنہور اور نثار چانڈیو ، بلوچستان سے علی رضا منگول، بلوچستان نوپ سے علی، APPT کے نائب صدر محمد پرہیل،ایچ ڈی اے کے اسلم عباسی، PTUDC کے سابق چیئرمین اور شہید ذوالفقار علی بھٹو لا کالج کے پرنسپل ریاض لُنڈ، پاکستان اسٹیل مل سے اکبر میمن ، اسٹیٹ لائف سے فراض بیگ، ٹیچرز ایسوسی ایشن کے نثار لغاری، ٹریٹ کارپوریشن سے فہیم عباسی، آل سندھ یونیورسٹی فیڈریشن کے رہنما رضا درانی، ریلوے محنت کش یونین سے ڈویژنل صدر نیاز خاصخیلی و دیگر نے خطاب کیا۔ آخر میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی اور مستقبل میں اکھٹے جدوجہد کاعزم کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*