ریڈیو پاکستان اور نادرا سے ملازمین کی جبری برطرفیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، سید نذر حسین شاہ و دیگر مزدور رہنما

رپورٹ: PTUDC اسلام آباد

ہم ریڈیو پاکستان اور نادرا کے کنٹرکٹ و ڈیلی ویجز ملازمین کی برطرفی پر اظہار افسوس اور احتجاج کرتے ہیں۔ کیونکہ ایک مزدور کا دکھ سب مزدوروں کا دکھ ہے۔  ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، اس لئے اس کوحقیقی ماں کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ان چھوٹی چھوٹی تنخواہ والوں نے جنہوں نے سالہا سال تک سرکاری اداروں میں خدمت سر انجام دی ان کو بلاوجہ برطرف کرنا ناانصافی ہے۔ اس لئے اس ناانصافی پر پاکستان بھر کے ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس ناانصافی کا ازالہ کیا جائے۔ ان برطرف ملازمین کو بحال کر کے ان کے گھروں کے چولہے بجھنے سے بچائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہارآل پاکستان ایمپلائز پنشنرز ایند لیبر تحریک کے مزدور رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ریڈیو پاکستان کی یونین کے لیڈران اور ورکرز کی گرفتاری کی پرزور مذمت کرتے ہیں کیونکہ یہ ان کا حق ہے کہ وہ اپنے حقوق کے لئے احتجاج کریں۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام لیڈروں اور ورکرز کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور متاثرہ ملازمین کو ان کی ملازمت پر فی الفور بحال کیا جائے۔

دوسری جانب ریڈیو پاکستان کے ملازمین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے صدرسید نذر حسین شاہ، سی ڈی اے یونین کے راجہ اشتیاق احمد، پیپلز یونٹی پی آئی اے کے سہیل مختیار، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے راجہ پرویز اختر، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے راجہ عمران بگا، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے جناب ساجد حسین ساجد، میونسپل لیبر یونین میٹرو پولیٹن کارپوریشن راولپنڈی راجہ عبدالمجید اور غلام محمد ناز نے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اورملازمتوں سے نکالے جانے والے ملازمین کو فوری بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*