آزاد کشمیر: راولا کوٹ اور پلندری میں یوم مئی کی تقریبات

راولا کوٹ میں احتجاجی ریلی کا انعقاد

رپورٹ : شاہد اکبر

جے کے این ایس ایف اور پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام یوم مزدور کے موقع پر راولاکوٹ میں ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز ڈگری کالج راولاکوٹ گراؤنڈ سے کیا گیا۔ ریلی میں شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کے حق میں، مہنگائی، علاج کے کاروبار، بے روز گاری، طبقاتی نظام تعلیم، نجکاری، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، سرمایہ داری اور سامراجیت کے خلا ف نعرے بازی کی گئی ۔ ریلی بازار کا چکر لگا کر بازار کے مرکزی چوک میں پہنچی تو وہاں جلسہ کیا گیا جلسے سے خطاب جے این ایس ایف کے مرکزی صدر ابرار لطیف، چیف آرگنائزر تیمور سلیم، انچا رج عزم التمش تصدق، چیئرمین نشرو اشاعت شفقت رمدان، پی ٹی یو ڈی سی کے رہنما خلیل بابر، جے کے این ایس جامع پونچھ کے رہنما مجیب اور عمیر نے کیا۔

مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوم مزدور پوری دنیا میں ہر رنگ و نسل ، قوم اور مذہب کے محنت کش شکاگوکے محنت کشوں کی یا دمیں مناتے ہیں جنہوں نے اوقات کار میں کمی کے لیے جدوجہد کی اور اپنی جانیں قربان کیں۔ محنت اور سرمائے کی یہ جنگ آج بھی جاری ہے اور اس کا اختتام سرمایہ داری کے خاتمے سے ہو گا۔ یہی شکاگو کے مزدوروں سے لے کر آج تک استحصال کے خلاف جدوجہد میں دی گئی محنت کشوں کی قربانیوں کا انتقام ہوگا۔ آج یہاں سرمایہ داری کے بحران کے نتیجے میں ترقی یافتہ ملکوں کے محنت کشوں نے جدوجہد کر کے جو حقوق حاصل کیے واپس چھین رہی ہے۔ ایسے میں اس خطے کے محنت کش جو اپنے آغاز سے ہی دور جبر کا شکار تھے بدترین جبر اور استحصال کا شکار ہیں حکمران آئے اداروں کی نجکاری اور ڈاؤن سائزنگ کی پالیسیوں سے محنت کشوں سے آخری نوالہ بھی چھین رہے ہیں ایسے میں محنت کشوں کے پاس واحد راستہ ہے کے طبقاتی جڑت کے ذریعے سرمائے کی غلامی کا خاتمہ کرتے ہوئے حقیقی انسانی آزادی پر مبنی سماج یعنی سوشلسٹ سماج کو قائم کرنا ہوگا جس کے ذریعے ہی قومی ، طبقاتی جبر اور استحصال کا خاتمہ ممکن ہے۔

جلسے کے اختتام کے بعد پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کے جلسے میں اظہار یکجہتی کے لیے شرکت کی گئی جس سے جے کے این ایس ایف کے مرکز ی صدر ابرار لطیف اور پی ٹی یو ڈی سی کے رہنما بشری نے خطاب کیا طلباء یونین اور مزدور یونین کی کشمیر میں پابندیوں کی بھرپور مذمت کی اور اس کے خلاف مزدوروں کے شانہ بشانہ جدوجہد منظم کرنے کا عزم کیا۔


پلندری میں یوم مئی کے موقع پر تقریب کا اہتمام
رپورٹ:PTUDC پلندری

پلندری میں پاکستان پیپلزپارٹی اور PTUDC کے زیراہتمام یوم مئی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز ریسٹ ہاؤس پلندری سے نکالی جانے والی ریلی سے ہوا۔ ریلی سے پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر رئیس انقلابی، پیپلزپارٹی کے رہنما بابر رزاق کے علاوہ PWD مزدور یونین ، فاریسٹ گارڈ ایسوسی ایشن، ہیلتھ ایملائز آرگنائزیشن، فنی ملازمین آزاد کشمیر، بلدیہ ملازمین، ایپکا، وکلا، تنظیم غیرجریدہ آزاد کشمیر، ٹیچر آرگنایزیشن آزاد کشمیر، PSF, JKNSF اور PTUDC کی قیادت و نمائندگان نے شرکت کی۔ ریلی میں کالی رات جاوے ہی جاوے سرخ سویرا آوے ہی آوے ، تیرا راج میرا راج مزدور راج مزدور راج کے نعرے لگتے رہے۔ بازار کا چکر لگانے کے بعد سدہنوتی مال کے ہال میں سیمنا ر منعقد ہوا ۔ جس کی صدارت PWD مزدور یونین کے صدر سردار خلیل احمد جبکہ مہمان خصوصی سردار رہئس انقلابی تھے۔ مقررین میں PTUDC آزاد کشمیر کے جنرل سیکریٹری عبدلواحد ،ضلعی آرگنائزر سعد ناصر PSF، کالج یونٹ کے صدر طیب ،تنظیم ایپکا کے رہنما سردار محمد رحیم و دیگر نے خطاب کیا۔

صدر ہیلتھ ایملائزآرگنائزیشن آ زاد کشمیر سردار افضل شاہین نے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکمران طبقہ اگر آپسی تمام تر لڑائیوں کے باوجود اپنے طبقے کے مفادات کا تحفظ اور محنت کش طبقے کا استحصال کر رہا ہے تو محنت کش طبقے کو بھی بحثیت طبقہ منظم ہو کر طبقا تی جنگ لڑنا ہو گی۔ شکاگو کے شہدوں کی قربانی تمام محنت کشوں کے لئے طبقا تی جنگ کو منظم کرنے کا پیغام دیتی ہے۔ میں تمام ٹریڈیونینز کی قیاد توں سے اپیل کرتا ہوں کے ہمیں ایکٹ 2013 کے خلاف مل کر تحریک کو منظم کرنے کی ضرورت ہے اور تمام ٹریڈ یونینز کو متحد کرتے ہوئے فیڈریشن کی طرف جانے کی ضرورت ہے۔
مہمان خصوصی ضلعی صدر پاکستان پیپلزپارٹی سردار ریئس انقلابی نے کہا کہ بجٹ میں محنت کشوں کی تنخواہوں میں کیا جانے والا اضافہ بے حد معمولی نو عیت کا ہے۔ بجٹ میں اگر 200 فیصد اضافہ کر دیا جا ئے تب بھی محنت کشوں کے حا لات نہیں بدلتے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے سابقہ دور میں تنخواؤں میں 50 فیصداضافہ کیا تھا اس اضافے سے ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ محنت کشوں کی زندگیاں بہتر ہوجاتیں۔ لیکن کسی بھی اضافے سے محنت کشوں کے حالا ت نہیں بدلتے کیونکہ معاشرے میں علاج اور تعلیم سے لیکر ہر بنیادی ضرورت خریدنا پڑتی ہے ۔ محنت کشوں کے حالات بدلنے کے لیے نظام بدلنا ہو گا جب تک سرمایہ داری نظام رہے گا تب تک محنت کشوں کا استحصال ہوتا رہے گا۔

آخر میں صدر PWD مزدور یونین خلیل احمد نے محنت کشوں کو طبقاتی بنیادوں پہ منظم ہو کر جدوجہد کرنے کا پیغام دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*