کراچی میں یوم مئی کی تقریبات کا انعقاد

رپورٹ: PTUDC کراچی

یوم مئی کے سلسلے میں پرل کانٹینینٹل PC ہوٹل کراچی ورکرز یکجہتی کمیٹی کی جانب سے مشعل بردار ریلی

پرل کانٹینینٹل PC ہوٹل کراچی ورکرز یکجہتی کمیٹی کی جانب سے مورخہ 30 اپریل کی شب کو یوم مئی کے سلسلے میں  مشعل بردار ریلی جس میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC سمیت مختلف ٹریڈ یونینز کے نمائندگان، محنت کشوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

ریلی کے اختتام پر مزدوررہنماؤں نے ریلی کے شرکا سے اپنے خطاب میں ملک میں لیبر حقوق کی پامالی پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ PC ہوٹل کا تنازعہ 20 سال پرانا تنازعہ ہے اور ملک بھر کی مزدور تنظیمیں بھی پی سی ہوٹلز کے محنت کشوں کے ساتھ کھڑی ہیں اور ہم بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ مزدور حقوق کو بحال کیا جائے اور محنت کشوں کو اجتماعی سودا بازی کا حق دیا جائے۔ 

 

جوائنٹ مئی ڈے کمیٹی آف کراچی ٹریڈ یونینز کے زیر اہتمام یوم مئی کے موقع پر تقریب

یوم مئی واحد دن ہے، جو بلا رنگ نسل مذہب قوم اور ذات کی تفریق پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔ اس سال بھی یہ دن روایتی جوش و خروش سے عالمی طور پر منایا گیا۔ کراچی شہر میں بھی یہ دن جوائنٹ مئی ڈے کمیٹی آف کراچی ٹریڈ یونینز کے بینر تلے منایا گیا۔ پروگرام صبح 11 بجے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقد ہوا۔ جس میں PTUDC سمیت 20 سے زائد محنت کشوں کی تنظیموں نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز محنت کشوں کے عالمی ترانے انٹرنیشنل سے ہوا۔

پروگرام کی نظامت کے فرائض کامریڈ ناصر منصور اور فرحت پروین نے ادا کئے۔ کامریڈ توقیر چغائی نے یوم مئی کی مناسبت سے نظم سنائی۔ پہلے مقرر نیشنل لیبر کونسل کے جنرل سیکرٹری کرامت علی تھے۔ دیگر مقررین میں سندھ ہائکورٹ بار کے سابق صدر صلاح الدین، NTUF کے گل رحمن، پاکستان اسٹیل سے مرزا مقصود، PC Hotel یونین کے جنرل سیکرٹری غلام محبوب صاحب، ڈاکٹر ہما ایڈوکیٹ، KMC ورکرز فیڈریشن سے ذوالفقار شاہ، وومین ڈیموکریٹک فرنٹ سے نورین، IUF سے قمرالحسن، چیئرپرسن لیڈی ہیلتھ ورکرز یونین سے بشری آرائیں، HBWF سے زارا اکبر، PTUDC سے کامریڈ ریاض حسین لنڈ، ڈیموکریٹک ورکرزفیڈریشن اسٹیٹ بنک آف پاکستان سے جناب لیاقت علی ساہی، عورت فاؤنڈیشن کی منہاز رحمن، ریلوے ورکرز یونین کے جنید اعوان، جاوید پریس( جنگ) یونین سی بی اے کے شکیل یامین کانگا، پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے خطاب کرتے ہوئے IMF اور ورلڈ بنک کی پالسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مزدوروں کی تنظیموں کے درمیان اتحاد پر زور دیا۔

ٹریڈ یونین الائنس آف پاکستان اسٹیل ملز کراچی کے زیر اہتمام یوم مئی کے حوالے سے نشست کا اہتمام

اسٹیل ٹاؤن میں ٹریڈ یونین الائنس آف پاکستان اسٹیل ملز کراچی کی جانب سے یوم مئی کے حوالے سے نشست کا اہتمام کیا گیا، جس کی میزبانی کے فرائض PTUDC اسٹیل ملز کے چیئرمین کامریڈ اکبر میمن نے سر انجام دیے جبکہ ریاض لنڈ مہمان خصوصی تھے۔ نشست میں شرکا نے یوم مئی اور آج کے محنت کشوں کے حالات پر مفصل بحث کی اور اسٹیل ملز بحالی تحریک کو مضبوط کرنے پراتفاق کیا گیا۔