دادو، جوہی، بھان سیدآباد، خیرپور، کے این شاہ، نواب شاہ، سیہون، اور ٹھری میرواہ میں یوم مئی کی تقریبات

دادو میں یوم مئی کی ریلی
رپورٹ: کامریڈ ضیاء زؤنر

یکم مئی کے دن ہر سال کی طرح اس سال بھی دادومیں شکاگو کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC کی جانب سےبھرپور ریلی نکالی گئی جوکہ ہائی ویز لیبر ہال دادو سے شروع ہو کر پریس کلب دادو پراختتام پذیر ہوئی۔ جس میں ہائی ویز لیبر یونین، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین، پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف یونین، آئی ٹی ایمپلائیزایسوسی ایشن، بیروزگار نوجوان تحریک، ریولیوشنری اسٹوڈنٹس فرنٹ اور دیگر یونینز اور ایسوسی ایشنز کا بھرپور تعاون رہا۔ ریلی میں شرکا نے ہوشربا مہنگائی، بیروزگاری، نجکاری، لوڈ شیڈنگ، معیاری تعلیم صحت اور صاف پانی کی عدم دستیابی اور آئی ایم ایف کی مزدور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ ریلی ایس پی چوک سے گزرکر پریس کلب دادو پہنچی جہاں پر شرکاء سے خطاب کرنے والوں میں کامریڈ صدام خاصخیلی، کامریڈاعجاز بگھیو رہنما بی این ٹی، کراچی سے کامریڈ بابر پنہور رہنام پی ٹی یو ڈی سی، عبدالحمید جمالی اور کامریڈ ضمیر کوریجو رہنما واپڈا ہائیڈروالیکٹرک سینٹرل لیبر یونین، کامریڈ راجہ رفیق پہنور رہنما پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف یونین شامل تھے۔

شرکا سے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے کامریڈ محمد موریل پہنور رہنما ہائی ویز لیبر یونین اور صدر پی ٹی یو ڈی سی ضلع دادو نے کہا کہ حکمرانوں نے اتنی مہنگائی کر دی ہے کہ یہاں مزدوروں کا جینا محال ہوگیا ہے، یہ مہنگائی آئی ایم ایف کے ایجنڈے و پالیسیوں اور حکمرانوں کی نااہلی، کرپشن اور ان کے ناقص سرمایہ دارانہ نظام کی وجہ سے ہوئی ہے۔ پچھلے بیس سالوں میں تقریبا سارے ہی کمانے والے عوامی ادارے و صنعتیں حکمرانوں نے اپنے ہی طبقے کے سرمایہ داروں کو بیچ دیے ہیں اب ان کے پاس عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں رہا، ماسوائے ٹیکسز بڑھانے، سبسڈیز ختم کرنے، مزید قرضے لینے اور پیٹرول کی قیمتیں بڑہانے کے اور ان قدامات سے مہنگائی ایک سرکیولر مہنگائی کی شکل لے رہی ہے جو کہ بڑھتی ہی جارہی ہے، جس کا نتیجہ آخرکار ایک بدترین دیوالیہ معیشت کی شکل میں آنا ہے۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر تمام بند صنعتیں بیروزگار ٹینیکل ورکرز کے کنٹرول میں دیکر دوبارہ چلائی جائیں، تنخواہیں اور اجرتیں ایک تولہ سونے کے برابر کی جائیں، بیچے گئے تمام اداروں کو قومی تحویل میں لیکر مزدوروں کے جھموری کنٹرول میں دیکر معیشت کو مستحکم کیا جائے اور کم از کم مقرر بنیادی اجرت پر فوری عمل درآمد کو یقینی کیا بنایا جائے۔

جوہی: یکم مئی کے موقع پر پریس کلب تک ریلی کا انعقاد
رپورٹ:کامریڈ خادم حسین کوسو

یوم مئی مزدوروں کے عالمی دن پر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین جوہی کی طرف سے طبقاتی جدوجہد آفس جوھی سے پریس کلب تک ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی ذوالفقار چوک اور حاجی بشیر احمد تھیم چوک سے ہوتی ہوئی فاضل راھو چوک ختم ہوئی۔ جہاں پر شرکا سے خطاب کرنے والوں میں نوجوان منیر احمد ملاح، نوجوان ارشاد رودنانی بلوچ، عوامی شاعرخلیل عارف سومرو، بہترین رٹائرڈ استاد کامریڈ محرم سومرو، کامریڈ شاہنواز ڈاہری، خاکروب یونین کے رہنما کامریڈ شبیر شیخ، آر ایس ایف کے رہنما کامریڈ محمد ببر، کامریڈ شاھزیب سومرو، کامریڈ منصور تھہیم، کامریڈ میر مرتضیٰ تھہیم، کامریڈ ایوب لغاری، کامریڈ عثمان رودناٹی، جبل لغاری کامریڈ الھورایو سومرو، کامریڈ مام الدین پنھور شامل تھے جبکہ چئیر کے فرائض کامریڈ امین لغاری نے ادا کیے۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے کامریڈ خادم حسین کھوسو نے مزدوروں کے حالت زار پر روشنی ڈالی۔ شرکا نے گیٹ آؤٹ آئی ایم ایف، مہنگائی نامنظور کے زوردار نعرے لگا کر پروگرام کا اختتام کیا۔

بھان سیدآباد میں یوم مئی کے مناسبت سے مشعل بردار ریلی
رپورٹ: بدرالدین پنہور

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین، ریولیوشنری اسٹوڈنٹس فرنٹ اور بی این ٹی کی طرف سے شکاگو کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سول اسپتال سے پریس کلب بھان سیدآباد تک ریلی نکالی گئی۔ محنت کشوں اور نوجوانوں کے ہاتھوں میں پلے کارڈ، بینر اور مشعلیں تھیں۔ شرکا مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔

ریلی دعا چوک سے گزر کر پریس کلب پہنچی جہاں نوجوانوں اور محنت کشوں نے شکاگو کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم جدوجہد کو 136 برس بیت گئے ہیں، مگر اب تک نہ لوٹ مار کا خاتمہ ہوا ہے اور نہ ہی محنت کشوں کے استحصال میں کوئی کمی آئی ہے اور نہ ہی محنت کشوں حالات بدلے ہیں۔ آج بھی محنت کش آٹھ آٹھ گھنٹے سے زیادہ کام کرنے پر مجبور ہیں، بلکہ انسانی بنیادی ضروریات یعنی روٹی کپڑا، مکان، تعلیم اور علاج سے بھی محروم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک عالمی سامراج اور ان کے عالمی بینک اور آئی ایم ایف جیسے مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھا ہوا ایک غلام ملک ہے۔ ان کی ہی ڈکٹیشن پر چلتا ہے اور اس کے کہنے پر نجکاری کے نام سے عوام کے اداروں کو بیچا جا رہے اور دوسری طرف ان کے کہنے پر روزانہ کی حساب سے پیٹرول، گیس، بجلی، خوردنی تیل، چینی اور دوائیں کی قیمتوں کو بڑھا کر مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پچھلی حکومت کے طرف سے بڑھائی گئی تمام اشیا کی قیمتیں کم کرکے محنت کشوں کو جینے کا حق دیا جائے۔ ان کے ساتھ پچھلی حکومت کی طرف سے برطرف کیے گئے تمام ملازمین کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔ ریلی کو اقبال میمن، بدرالدین پنھور، شاھ محمد پنھور، سجاد گچل،پریل چنہ، طارق پنھور، مشتاق سیلرو اور انور پنھور نے بھی خطاب کیا۔

خیرپور: مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پرریلی
رپورٹ: کامریڈ فراز رڈ

یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقعے پر یوناٹیڈ لیبر فیڈریشن اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب چھتری چوک سے پانچگلہ چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت کامریڈ سعید خاصخیلی، کامریڈ شہباز پھلپوٹو، امجد لاشاری، مختیار خمیسانی، رضا درانی، عبدالوہاب شیخ، یونس پھلپوٹو اور دیگر کر رہے تھے۔ رہنماؤں نے ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے شہر شکاگو میں مزدوروں نے اپنا خون کا عطیہ دے کر پوری دنیا کے مزدوروں کو جبری مشقت سے نجات دلائی۔ انہوں نے کہا آج کے دور میں بھی مزدوروں کے ظلم و جبر ہو رہا ہے۔ قومی اداروں سے لاکھوں محنت کشوں کو نکال کر ان کا معاشی قتلام کیا گیا ہے اور دوسری جانب ظلم کی مہنگائی نے مزدور طبقے کی کمر توڑ دی ہے کھانے پینے کی اشیاء، دوائیوں، اشیاء ضروریات زندگی کی قیمتوں میں بے انتہا اضافہ کر کے سرمایہ داروں کے مضبوط کرکے مزدوروں اور محنت کشوں کو مہنگائی کے دلدل میں جھونک دیا گیا ہے۔ انہوں نے وقت کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ اداروں سے جبری برطرف کیے گئے ملازمین کو فوری بحال کیا جائے، مہنگائی کو کنٹرول کرکے صحت اور تعلیم کو یقینی بنا کر محنت کشوں اور مزدوروں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔

کے این شاہ: شکاگو کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایم سی بی بینک سے مزدور ریلی
رپورٹ: کامریڈ عیسیٰ چانڈیو

کے این شاہ میں پی ٹی یو ڈی سی اور طبقاتی جدوجہد کی جانب سے شکاگو کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایم سی بی بینک سے مزدور ریلی نکالی گئی، جو پریس کلب کے این شاہ پر ختم ہوئی۔ ریلی شکاگو کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ  مہنگائی، اداروں کی نجکاری، بیروزگاری، آئی ایم ایف ک طرف سے لاگو عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زوردار نعرے بازی کی گئی۔ ریلی میں ھمالی مزدور یونین، بٹھا ورکرز یونین، رائس ملز ورکرز یونین، عوامی ورکرز پارٹی کے علاوہ شہر کی مختلف سیاسی و سماجی کارکنان نے شرکت کی۔

مزدور ریلی کو اے ڈبلیو پی کے کامریڈ انصار برڑو، آ ایس ایف کے رہنما کامریڈ سہیل چانڈیو، ھمالی مزدور یونین کے رہنما کامریڈ وزیر گاڈھی اور طبقاتی جدوجہد کے رہنما کامریڈ اعجاز ببر اور کامریڈ عیسیٰ چانڈیو نے خطاب کیا۔

نواب شاہ: مزدور ریلی کا انعقاد
رپورٹ: کامریڈ حنیف لاکھو

PTUDC اور ریولیوشنری اسٹوڈنٹس فرنٹ کی طرف سے شکاگو کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نوابشاہ پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ محنت کشوں اور طلبہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے اور وہ مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ پریس کلب پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے شکاگو کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک کے اندر محنت کشوں کے حالات انتہائی افسوسناک ہیں۔ کم اجرت اور مہنگائی نے محنت کشوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ انہوں نے مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

ریلی سے حنیف لاکھو، اعجاز شیخ، انور چانڈیو، وارث علی اور دیگر ساتھیوں نے خطاب کیا۔

سیہون: یوم مئی کے موقع پر سیہون لائبریری سے پریس کلب سیہون تک ریلی
رپورٹ: کامریڈ سکندر سیلرو
پی ٹی یو ڈی سی  اور ریولیوشنری اسٹوڈنٹس فرنٹ کی طرف سے شکاگو کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سیہون لائبریری سے پریس کلب سیہون تک ریلی نکالی گئی۔ محنت کشوں اور طلبہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے اور وہ مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ پریس کلب پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سرمایہ داری نظام کے اندر محنت کشوں کے فلاح کے نام پر ان کو دھوکہ دیا جاتا ہے، کیونکہ اس استحصالی نظام کی بنیاد ہی محنت کشوں کی لوٹ مار پر مشتمل ہے۔ اس لئے محنت کشوں کو آپس میں منظم و متحد ہو کر اپنی لڑائی خود لڑنی پڑے گی اور سوشلسٹ انقلاب برپا کرنا چاہیے، کیونکہ یہی ایک واحد راستہ ہے جس کے ذریعے محنت کشوں کے تمام مسائل کا حل نکلتا ہے۔

ریلی سے سکندر اوٹھو، مشتاق سیلرو، بدرالدین پنھور، سجاد شاھانی، عارب ملاح، سندھی ادبی سنگت کے سیکرٹری میر حاجن میر، انقلابی رکشہ یونین کے صدر عاشق چانڈیو، محبوب اوٹھو، سکندر علی شاہ، سید راشد شیرازی اور انور پنھور نے خطاب کیا۔

ٹھری میر واہ :یوم مئی کی ریلی کا انعقاد
رپورٹ: کامریڈ نسیم اعجاز

ٹھری میرواہ میں PTUDC ،BNT اور RSF کی جانب سے یوم مئی کی ریلی کا انعقاد کیا گیا جو ناکہ چوک سے نم موڑ سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہ اختتام پزیر ہوئی۔ جس میں مختلف سیاسی سماجی و مزدور تنظیموں نے بھرپور شرکت کی اور مزدوروں کے اس عالمی دن پر ان کو خراج تحسین پیش کیا اور یہ عزم کیا کہ محنت کشوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ وہ ایک دن آکر رہے گا، جب یہاں سے ظلم، ناانصافی، بے روزگاری، نجکاری اور سرمایہ داری کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ کرکے ایک بہتر سوشلسٹ مستقبل کی تعمیر کرکے شہدا کا خواب پورا کیا جائے گا۔