حیدرآباد، میرپورخاص، ٹنڈوالہیار،کوٹری، ٹنڈو غلام علی اور میرپور بٹھورو میں یوم مئی کی تقریبات

حیدرآباد میں مظاہرہ
رپورٹ: اویناش

یوم مئی کے موقعے پر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے شکاگو کے شہدا کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اور آئی ایم ایف کی پالیسیوں، مہنگائی، نجکاری، بیروزگاری اور غربت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں پی ٹی یو ڈی سی اور آر ایس ایف سمیت آل پاکستان او جی ڈی سی ایل مزدور اتحاد یونین، ریلوے ورکرز یونین، ریلوے محنت کش یونین، سیوا، ایپکا، اور پ ٹ الف کے رہنماؤں و محنت کشوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔

مظاہرین سے ایڈوکیٹ نثار چانڈیو، حسن بخش کھوسو، ایوب کمبھار، لتا، جے پرکاش اور عزیز کھوسو نے خطاب کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی پالیسیوں کی شدید مذمت کی اور ان پالیسیوں کے خلاف عملی جدوجہد کاعزم کیا۔

میرپورخاص میں ریلی
رپورٹ: محمدحسین آریسر

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے یوم مئی کے موقع پرشکاگو کے شہیدوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے میرپور خاص میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کے شرکا نے آئی ایم ایف کی مزدور دشمن پالیسیوں، مہنگائی، نجکاری، بیروزگاری اور غربت سمیت پانی کی قلت اور حکومتی معاشی حملوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

ریلی میں پی ٹی یو ڈی سی، آر ایس ایف، انجمن ترقی پسند مصنفین سمیت سندھ مزدور اتحاد،ریٹائرڈ ایمپلائز یونین، ایپکا اوراسٹیٹ لائف سمیت مختلف اداروں سے محنت کشوں اور یونین رہنماؤں نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ پرشوتم، رمیش کمار، یوسف چوہان، عیسی بلوچ، حمید چنا، مشتاق لغاری، ساجد لغاری، عبدالجبار نوھڑی، جیرام داس، ابھوجہ اور کامریڈ محمد حسین آریسر نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ شکاگو کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ہماری جدوجہد سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے اور سوشلسٹ انقلاب تک جاری رہے گی۔

ٹنڈو الہیار میں ریلی
رپورٹ:اشفاق خاصخیلی

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقعے پر لطیف پارک سے پریس کلب تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں محنت کشوں، طلبہ، اساتذہ،نوجوانوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے باشعور لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی یو ڈی سی کے رہنما کامریڈجمشید جروار، عبدالغفار جروار، اشفاق خاصخیلی، ممتاز آریسر و دیگر نے کہا کہ موجودہ استحصالی نظام نے محنت کشوں کی زندگیوں کو تاراج کرکے رکھ دیا ہے۔ آئی ایم ایف کی پالیسیوں پر عمل پیرا حکمران طبقہ مزدور دشمن اقدامات کو ہمارے اوپر نافذ کررہا ہے۔ ہمیں اس نظام اور اس کے حواریوں کے خلاف جدوجہد کو تیز کرتے ہوئے غیرطبقاتی سماج کا قیام عمل میں لانا ہوگاجو موجودہ دور میں صرف سوشلزم کے زریعے ہی ممکن ہے۔

یوم مزدورکی مناسبت سے کو ٹری میں تقریب کا نعقاد
رپورٹ: نیاز ڈاہری

مورخہ 28 اپریل 2022 ء کی شام یوم مزدور کی مناسب سے سائٹ ایریا کوٹری میں PTUDC اور RSF کے زیر اہتمام ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف فیکٹریوں اور ملوں سے مزدوروں اور نوجوانوں سمیت جامشورو یوتھ الائنس کے وفد نے شرکت کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض کامریڈ فیصل مستوئی نے سرانجام دیئے جبکہ پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے کامریڈ اکرم مصرانی نے شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شکاگو کے محنت کشوں کی جانب سے اوقات کار میں کمی کی جدوجہد آج کے عہد میں بھی ناگزیر ہو چکی ہے۔ ماضی میں ان محنت کشوں کی جدوجہد کے نتیجے میں مقرر شدہ اوقات کار اور ہفتہ وار تعطیلات جیسی مراعاتیں حاصل کی گئیں جنہیں آج بڑی بے دردی سے یہ سرمایہ دارچھیننے کے در پہ ہیں۔ مزدوروں کی نجات کا وا حد استہ صرف سوشلسٹ انقلاب سے ہی جڑا ہوا ہے۔ کامریڈ اکرم کی تفصیلی گفتگو کے بعد کامریڈ سہیل چانڈیو، ساجد شاہ، امجد مستوئی، ولہار چھچر اور کامریڈ ایسر داس نے بھی بحث میں حصہ لیا، جبکہ آخر میں کامریڈ اسلم مہر نے پروگرام کے اختتامی کلمات ادا کئے۔

ٹنڈو غلام علی میں ریلی
رپورٹ:عمران کمبھر

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور انقلابی ھاری جدوجہد کی جانب سے یوم ِ مزدور کے موقعے پر میر کے گیٹ سے پریس کلب تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں محنت کشوں، کسانوں، نوجوانوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے باشعور لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی یو ڈی سی کے رہنما کامریڈ کریم لغاری، رتن کمار، ہیرو لال، عمران کمبھراور اعظم خاصخیلی، انقلابی ھاری جدوجہد کے صوبائی جنرل سیکریٹری مقبول لغاری، رضوان علی رند اور امیر بخش رند و دیگر نے شکاگو کے محنت کشوں کی عظیم قربانیوں کو سراہا اور مزدور یکجہتی پر زور دیتے ہوئے موجودہ سرمایہ دارانہ استحصالی نظام کے خلاف جدوجہد کو تیز کرنے کا عزم کیا۔

انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے ساتھ ساتھ آج اس ملک میں کسانوں کے حالاتِ زندگی بھی بے حد دشوار ہوچکی ہے۔ پانی کی قلت، فصلوں کی قیمتوں میں مصنوعی کمی اور اس جاگیردارانہ مافیائی استحصال کے خلاف آج ہمیں لڑتے ہوئے اپنی جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا۔ ریلی میں اسٹیج سیکریٹری کے فرائض کامریڈ مختیار عادل ڈواکر اور ساگر کمار نے ادا کئے جبکہ دورانِ ریلی محنت کشوں کے انقلابی ترانوں اور نعروں سے شہر گونجتا رہا۔

میرپوربٹھورو میں ریلی
رپورٹ:سکندر زئنور

یوم مئی کے موقع پر میرپور بٹھورو میں پی ٹی یو ڈی سی کی جانب سے شکاگو کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے اور محنت کشوں کی اجرتیں ایک تولہ سونے کے برابرکرنے جبکہ نجکاری، بیروزگاری، مہنگائی اور ٹھیکیداری نظام کے خلاف تالات چوک سے بس اسٹاپ تک ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی میں شہر بھر سے بڑی تعداد میں کسان، محنت کش اور نوجوان شریک تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رشید آزاد، جبار زئنور، سکندر زئنور اور غلام حسین میربحر و دیگر نے کہا کہ شکاگو میں محنت کشوں پر آج ہی کے دن ایک ایسے وقت میں گولیاں برسائی گئیں جب وہ اپنے حقوق کے خاطر احتجاجی مظاہرے کررہے تھے۔ آج بھی محنت کش اپنے حقوق سے محروم ہیں اور آئی ایم ایف سمیت مختلف سامرارجی ادارے ہمارے استحصال کررہے ہیں۔ آج ایک بار پھر ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس ظالم سرمایہ دارانہ سماج کے خلاف جدوجہد کو تیز کریں کیونکہ سوشلسٹ انقلاب میں ہی مزدوروں کی نجات ہے۔