یوم مئی کے موقع پر حیدرآباد، میرپور خاص، کوٹری اورمیرپور بٹھورو میں مظاہرے

حیدرآباد
رپورٹ: اویناش

یوم مئی کے موقع پر شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC کی جانب مظاہرے کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف اداروں سے ٹریڈ یونین رہنماؤں و محنت کشوں اور طلبہ نے شرکت کی۔ کورونا وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پوسٹرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر اُن کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرے کی قیادت PTUDC کے رہنما ایسرداس، نثار چانڈیواور جے پرکاش نے کی۔ اس موقعے پر مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تمام محنت کشوں کو بلا کسی تفریق کے فوری طور پر کورونا ویکسین لگائی جائے۔ ٹھیکیداری نظام سمیت نجکاری اور ڈاؤن سائزنگ جیسی پالیسیوں کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کو حقیقی خراج صرف اسی وقت ادا کی جا سکتی ہے جب ہم اس سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کر کے اس سوشلسٹ سماج برپا کردیں۔

میرپورخاص
رپورٹ: محمد حسین

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر میرپور خاص کے چاندنی چوک پر شکاگو کے شہدا کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے PTUDC کی جانب سے ایک مظاہرہ کیا گیا، جس میں شہدا کی جدوجہد کو سرخ سلام پیش کرنے سمیت مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے PTUDC کے رہنما محمد حسین، پرشوتم، نیم داس اور مزدور رہنما اکرم منگنھار نے کہا کہ آج محنت کش طبقہ بدترین حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ موجودہ سرمایہ دارانہ نظام میں کسی قسم کی اصلاحات کی کوئی گنجائش موجود نہیں، ضرورت اس امر کی ہے اس نظام کا خاتمہ کیا جائے اور ایک ایسے نظام کا قیام عمل میں لایا جائے جہاں محنت کشوں کا راج ہو۔

کوٹری
رپورٹ: رمیض مصرانی

یوم مزدور کے موقع پر PTUDC ضلع جامشورو کی جانب سے کوٹری سائیٹ ایریا میں ایک تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں کوٹری سائیٹ ایریا میں مکیم مختلف فیکٹریوں میں کام کرنے والے محنت کشوں نے شرکت کی۔ میٹنگ کو چیئر کامریڈ اصغر ڈاھری نے کیا جبکہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور انقلابی طلبہ محاذ کے رہنما فیصل مستوئی، کامران، اختر اور آزاد جھامن نے کہا کہ شکاگو کے عظیم محنت کشوں نے اپنی جانوں کی قربانی دیکر محنت کشوں کو اُن کے حقوق دلوائے۔ آج ہمارے لیے بھی یہ موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ اس ظالم نظام اور سرمایہ داروں کے خلاف اپنی جدوجہد کو تیز کرتے ہوئے محنت کشوں کی حقیقی حکمرانی قائم کریں۔


میرپور بٹھورو
رپورٹ: سکندر زئنور

شکاگو کے شہدا کو سرخ سلام پیش کرنے اور محنت کشوں کے خلاف ناانصافیوں کے خلافPTUDC اور بیروزگار نوجوان تحریک کی جانب سے صوفی شاہ عنایت پریس کلب میروپور بٹھورو کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت PTUDC اور BNT کے رہنما سکندر زئنور، جبار زئنور اور کامریڈ غنی نے کی۔ مظاہرین نے بیروزگاری، مہنگائی اور غربت سمیت بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے غریبوں کے گھروں کو مسمار کرنے اور اُن کے آبائی گاؤں اُن سے چھیننے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم جس نظام میں رہتے ہیں وہ منافع خور سرمایہ داروں کا نظام ہے، آج ہم تمام محنت کشوں کو چاہیے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اوراس بدترین استحصال کے خلاف ایک پلیٹ فام پر اکھٹے ہوکر جدوجہد کو تیز کریں اور اس سرمایہ دارانہ نظام کو اکھاڑتے ہوئے برابری اور آزادی پر مبنی سوشلسٹ سماج قائم کریں۔