خیرپورمیرس: محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریبات

رپورٹ: فراز رڈ

واپڈا اسکارپ ورکشاپ ورکرز یونین کی جانب سے تقریب

مورخہ 29 اپریل کو واپڈا اسکارپ ورکشاپ ورکرز یونین کی جانب سے واپڈا اسکارپ ورکشاپ خیرپور میرس میں محنت کشوں کے عالمی دن کے حوالے سے شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC کے مرکزی رہنما کامریڈ سعید خان خاصخیلی نے کی، جبکہ میزبانی کے فرائض اسکارپ ورکشاپ ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC کے رہنما کامریڈ شہباز پھلپوٹو نے انجام دیے۔
PTUDC اور ورکشاپ ورکرز یونین کے رہنماؤں فیاض سومرو،شہباز ملانو، وقار احمد،عشرت علی، فراز رڈ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ کامریڈ شہباز پھلپوٹو کا کہنا تھا کے وبا کے دور میں حکمرانوں کے پاس مزدوروں کے لیے کوئی ریلیف پروگرام نہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران مزدوروں کا گزراکیسے ہو کیونکہ حکومت کے پاس ان کے لئے کوئی منصوبہ بندی نہیں۔ ایسی صورتحال میں مزدور اور ان کے خاندان خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ کامریڈ سعید نے شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے دنیا بھر میں مزدوروں کو درپیش مسائل پر بات رکھی۔ کامریڈ وقار احمد نے شکاگو کے شہیدوں کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، ہم بھی اس راہ کے مسافر ہیں جس راہ پر چلتے ہوئے شکاگو کے شہیدوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پھول باغ میں مشعل بردار ریلی

مورخہ 30 اپریل کی شام ہر سال کی طرح اس سال بھی یکم مئی کی مناسبت سے پھول باغ خیرپور میرس میں شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے مشعل بردار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ کورونا صورت حال کی وجہ سے پروگرام کا دورانیہ مختصر رکھا گیا۔ ریلی سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC کے مرکزی رہنما کامریڈ سعید خان،کامریڈ شہباز پھلپوٹو اور کامریڈ امجد لاشاری نے خطاب کیا۔

پی ٹی یو ڈی سی اور یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام یوم مئی کے موقع پر پروگرام کا انعقاد

یکم مئی کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDCاور یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن خیرپور میرس کی جانب سے محنت کشوں کے عالمی دن کے حوالے سے شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کے مہمان خاص یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن خیرپور کے جنرل سکریٹری اور پی ٹی یو ڈی سی کے کامریڈ اعجاز عباسی, پی ٹی یو ڈی سی خیرپور کے رہنما اور سینیئر صحافی غلام حسین فاتح میرانی تھے۔ میزبانی کے فرائض کامریڈ شھباز پھلپوٹو نے ادا کئے۔

کامریڈ مختیار خمیسانی نے پروگرام میں شرکت کرنے والے مزدور رہنماؤں کو خوش آمدید کہا۔ مقررین میں پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی رہنما کامریڈ سعید خان خاصخیلی، فراز رڈ، ایڈووکیٹ شاھد پھلپوٹو، کامریڈ امجد لاشاری، مزدور رہنما زاھد، آل پاکستان یوٹیلٹی اسٹورز ورکرز یونین خیرپور کے رہنما سید کرم شاہ، کامریڈ وہاب اور دیگر شامل تھے۔ کامریڈ شہباز پھلپوٹو کا کہنا تھا کہ وبا کے دور میں حکمرانوں کے پاس مزدوروں کے لیے کوئی ریلیف پروگرام نہیں۔

کامریڈ سعید نے شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے دنیا بھر میں مزدوروں کو درپیش مسائل پر بات رکھی۔ مقررین نے محنت کش طبقے کی نجات کا واحد راستہ مسلسل جدوجہد کے ذریعے برپا ہونے والے سوشلسٹ انقلاب کو قرار دیا۔