شمالی پنجاب میں یوم مئی کی تقریبات

رپورٹ: آصف رشید

راولپنڈی:  میونسپل لیبر یونین، میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کے زیر اہتمام یوم مئی کی تقریب

میونسپل لیبر یونین، میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کے زیر اہتمام یوم مٸی کی تقریب منعقد کی گئی۔ پروگرام میں صدر راجہ ہارون الرشید، جنرل سیکرٹری شاہد رضاپادری، سرپرست اعلیٰ راجہ عبدالمجید، سینئر نائب صدر عبد القیوم خان، مسعود فضل، ارشد خان، چیئرمین جاوید احمد، نثار کیانی، عبدالوحید، طارق یوسف، عامر شاہ اور محترم ٹیپو سلطان نے خصوصی شرکت کی۔ پی ٹی یو ڈی سی کے کارکنان اور دیگر دوستوں کی طرف سے شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کیا۔

مقررین نے کہا کہ ہم شکاگو کی شہیدوں کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور اپنے حقوق کی بازیابی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ریلوے لوکو شیڈ راولپنڈی میں ریلی

آل پاکستان ریلوے ٹریڈ یونین گرینڈ الائنس اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC کے زیراہتمام لوکو شیڈ راولپنڈی میں شہدائے شکاگو کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ریلوے لیبر یونین کے مرکزی نائب صدر راجہ عمران نےکی۔
احتجاجی ریلی سے راجہ اعظم، آصف رسول سیکرٹری جنرل ریلوے لیبر یونین ڈیزل ورکشاپ، رہنما ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ عبدالرحمان، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری پی ٹی یو ڈی سی ڈاکٹر چنگیز ملک نے خطاب کیا۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راجا عمران نے کہا کہ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ نجکاری، ڈاؤن سائزنگ، رائٹ سائزنگ جیسے مزدور دشمن اقدامات کر رہی ہے۔ کمر توڑ مہنگائی، بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے غریبوں کے چولے ٹھنڈے کر دیے ہیں۔ ہم آج کے دن یہ عہد کرتے ہیں کہ ان مزدور دشمن اقدامات کے خلاف ریلوے کا ہر مزدور سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگا۔

حسن ابدال میں پروگرام کا انعقاد

یکم مئی سہ پہر پانچ بجے جلو سٹاپ پیپلز لیبر بیوروضلع اٹک کے آفس کے باہر پیپلز لیبر بیورو اورپاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئینPTUDC  کے زیر اہتمام شہدائے شکاگو کی جدوجہد کو سرخ سلام پیش کرنے کے لئے پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت پیپلز لیبر بیورو ضلع اٹک کے صدر سراج گل خٹک نے کی۔ صدر پیپلز لیبر بیورو سراج گل خٹک، صدر پی ٹی یو ڈی سی شمالی پنجاب شاہد انور ایڈووکیٹ، آرگنائزر پی ٹی یو ڈی سی ثاقب سہیل، جنرل سیکرٹری پیپلز لیبر بیورو سید منتظر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ مزدوروں کے مسائل حل کیے جا سکیں اور موجودہ نا اہل حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کی جا سکے۔

اسلام آباد میں سی ڈی اے ایمپلائز یونین پاشا گروپ کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد

سی ڈی اے ایمپلائز یونین پاشا گروپ کے زیراہتمام شہدائے شکاگو کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ابرار رضوی ریڈیو پاکستان یونین کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اعجاز، انقلابی طلبہ محاذ راولپنڈی اسلام آباد کے آرگنائزر عبدالرحمان، پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر چنگیز نے شرکت کی۔ 

کمال پاشا سیکرٹری جنرل ایمپلائز یونین سی ڈی اے پاشا گروپ نے پروگرام کی صدارت کی۔