راولپنڈی اور حسن ابدال میں یوم مئی کی تقریبات

رپورٹ: PTUDC شمالی پنجاب

ریلوے لوکو شیڈ راولپنڈی میں یوم مزدور ریلی اور جلسے کا انعقاد

مورخہ یکم مئی بروز اتوار ریلوے لوکو شییڈ راولپنڈی میں یوم مزدور کے موقع پر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC اور ریلوے لیبر یونین کے زیر اہتمام ریلی اور جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پرمرکزی رہنما ریلوے لیبر یونین راجہ عمران نے شہدا شگاگو کی جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 136 سال پہلے شہدا شگا گو نے اپنی جدوجہد کے ذریعے دنیا بھر کے محنت کشوں کو یہ پیغام دیا کہ محنت کش اپنے مطالبات کے حصول کیلئے سر پر کفن باندھ کر جب میدان عمل میں اترتا ہے، تو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت کو شکست دینے میں کامیاب ہوتا ہے آج وہ حاصلات جو محنت کشوں نے اپنی جدوجہد سے جیتی تھی وہ آج سرمایہ داری نظام اپنے منافع کی شرح کو برقرار رکھنے کے لیے وہ تمام حاصلات چھین رے ہیں اور اوقات کار آج 12 سے 16 گھنٹے کر دیے گئے ہیں۔

راجہ عمران نے مزدور جدوجہد کو اعادہ کرتے ہوئے حکومت وقت سے تنخواہوں میں پچاس فیصد بڑھانے کا مطالبہ کیا اور تمام محنت کشوں کو طبقاتی یکجہتی کا پیغام دیا۔

جلسے سے مزدور رہنما لالہ پرویز، عبدالرحمن اورPTUDC کے مرکزی رہنما ڈاکٹر چنگیر اور ڈاکٹر حسیب نے بھی خطاب کیا۔

کامریڈ آصف رسول نے انقلابی نظم گا کر مزدور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔

یکم مئی شہداء شکاگو کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ریلی کا انعقاد

مورخہ 26اپریل بروزمنگل صبح 10 بجے میونسپل لیبر یونین CBA اور PTUDC کے زیراہتمام یکم مئی شہدا شکاگو کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ریلی کا انعقاد میٹروپولیٹن راولپنڈی میں کیا گیا۔ مزدوروں نے بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات اور IMF کی پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی میں شریک مزدوروں نے مہنگائی، بیروزگاری، نجکاری اورIMF کی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔

شرکا سے خطاب کرتےہوئے شاہد رضا پادری نے کہا کہ شہدا شکاگو کی جدوجہد ہمارے لئے آج بھی مشعل راہ ہے اور ہم اپنی جدوجہد مزدورراج تک جاری رکھیں گے۔ دیگر شرکا میں راجہ عبدالمجید سرپرست اعلی، راجہ ہارون صدر، جاوید خان، پرویز چیدا، غلام محمد ناز، آصف رشید، فوزیہ راجپوت، ملک اسرار،ڈاکٹر چنگیز، تیمورسلیم، سفیان اور دیگر شامل تھے۔

فوجی ملز حسن ابدال کے گیٹ پر یوم مئی کے موقع پر مظاہرہ

مورخہ 29 اپریل فوجی ملزحسن ابدال کے گیٹ پر یوم مئی کی مناسبت سے  PTUDC اور پیپلز لیبربیورو کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا۔ مظاہرے میں شریک مزدوروں نے شہدا شکاگو کو سرخ سلام پیش کیا اور IMF کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف خوب نعرے بازی کی۔ ریلی سے خطاب کرتےہوئے مزدور رہنما سراج گل خٹک صدر پیپلز لیبر بیورو ضلع اٹک اور ڈاکٹر چنگیز مرکزی جوائنٹ سیکرٹری PTUDC نے کہا کہ شکاگو شہدا کی جدوجہد یہ ثابت کرتی ہے کہ محنت کش جب اپنے مطالبات منوانے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں تو نہ صرف وہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے بلکہ اپنے مطالبات منوا کر دم لیتے ہیں۔ یہ محنت کش طبقہ ہی جس نے دنیامیں انقلابات برپا کئے اور تاریخ میں اپنا نام سماجوں کی حقیقی تبدیلی کرنے والوں میں لکھوایا۔

آج کے ہم عہد کرتے ہیں کہ مزدور راج تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔