فیصل آباد اور سیالکوٹ میں یوم مئی کی تقریبات

فیصل آباد
رپورٹ: ثورہ خان

یوم مئی کے دن ضلع کونسل چوک فیصل آباد میں سانجھ، پاکستان مزدور کسان پارٹی، کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان، نیشنل پارٹی اور آغازِ انقلاب مزدور تحریک کی جانب سے یوم مئی کے موقع پر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ہوم بیسڈ وومن ورکرز فیڈریشن کی جانب سے یومِ مئی کی مناسبت سے پریس کلب فیصل آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے وفد نے ریلی اور مظاہرے میں شرکت کی اور مزدوروں کے تمام مطالبات کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مہنگائی، بیروزگاری، کٹوتیوں، تنخواہوں میں کمی، نجکاری اور آئی ایم ایف و ورلڈ بینک مخالف بھرپور نعرے بازی میں حصہ لیا۔

پی ٹی یو ڈی سی کے کامریڈز نے مزدوروں اور کارکنان میں “طبقاتی جدوجہد” کا پرچہ بھی فروخت کیا۔

اس کے ساتھ ساتھ پی ٹی یو ڈی سی کے وفد نے یومِ مئی کے حوالے سے پوسٹر کمپئین بھی کی جس میں درج ذیل مطالبات شامل تھے؛

1۔ تنخواہوں میں فوری پچاس فیصد اضافہ
2۔ کم سے کم اجرت ایک تولہ سونے کے برابر
3۔ نجکاری، بیروزگاری، جبری برطرفیاں اور ٹھیکیداری نظام کا خاتمہ
4۔ تمام صنعت و معیشت پر مزدوروں کی اشتراکی ملکیت

سیالکوٹ

رپورٹ: ملک حسن

یوم مئی کے موقع پر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور انقلابی طلبا محاذ RSF کے زیر اہتمام سیالکوٹ میں موٹر سائکل ریلی نکالی گئی جو شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی علامہ اقبال چوک جا کر ختم ہوئی۔ ریلی کے دوران شرکا نے آئی ایم ایف، سرمایہ دارانہ نظام مخالف نعرے بازی کی۔ 

علامہ اقبال چوک پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مزدور کی اجرت ایک تولہ سونے کے برابر کرنے کا مطالبہ کیا اور IMF کی مزدور کش پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کی۔ مقررین میں PTUDC کے رہنما کامریڈ ناصرمحمود بٹ، RSF سیالکوٹ کے آرگنائزرایڈووکیٹ کامریڈ ایاز ٹیپو، طبقاتی جدوجہد کے رہنما ایڈووکیٹ حسنین بٹ وعنصر باغی اور ملک حسن پرویز ٹکٹ ہولڈر پی پی 42 ڈسکہ شامل تھے۔