ملتان: عالمی یومِ مزدورکی تقریبات

رپورٹ: ذیشان بٹ

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین  PTUDC ملتان کے زیرِاہتمام یومِ مئی کے موقع پر چوک نواں شہر ملتان میں ایک احتجاجی کیمپ لگایا گیا جس کا مقصد مختلف مزدور یونینز کی احتجاجی ریلیوں اور احتجاجوں میں سوشلزم کا پیغام پہنچانا تھا۔ اس موقع پرکامریڈز نے مزدورنامہ اور پرچہ فروخت کیا اور مظاہرین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اُن کے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ کامریڈ ندیم پاشا کی روایتی نعرے بازی کا چرچہ پریس کلب ملتان کی تمام ریلیوں و احتجاجوں میں گونجتا رہا۔ کامریڈ ذیشان شہزاد اور کامریڈ اسلم نے بھی نعرے بازی میں حصہ لیا اور تقریر کرتے ہوئے عوامی انقلاب کی ضرورت پر زور دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے عوام دشمن پالیسیز لاگو کرکے ثابت کر دیا کہ وہ سرمایہ داروں کے غلام ہیں۔ امن رکشہ یونین، ٹیکسٹائل و لیدرو گارمنٹس ورکرز فیڈریشن اور پارکس اینڈ ہارٹی کلچر ورکرز کی ریلیاں پریس کلب پہنچیں جہاں PTUDC کی ٹیم نے اُن کا استقبال کیا۔

کامریڈز نے یومِ مزدور کی تاریخ بتاتے ہوئے آج کے محنت کشوں کو پیغام دیا کہ سوشلسٹ انقلاب ہی مشعلِ راہ ہے۔ جس راہ پر چلتے ہوئے ایک ایسے سماج کی بنیاد ڈالی جا سکتی ہے کہ جہاں انسان کے ہاتھوں کسی دوسرے انسان ک استحصال نہ کیا جاسکے۔ کامریڈ طارق چوہدری نے واپڈا ہائیڈرو یونین کے سمینار میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے سرمایہ داری کے محنت کشوں پر اثرات کے حوالے سے بات رکھی۔ اُن کا کہنا تھا کہ سرمایہ داری ایک بند گلی میں داخل ہوچکی ہے، جہاں محنت کشوں کے خون سے امیروں کی دولت میں بے پناہ اضافہ دیکھا جا سکتا ہے اور غریب طبقے کی زندگیوں کو مزید عذاب میں دھکیل دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ریلوے کے مزدوروں نے ریلوے اسٹیشن ملتان میں ایک ریلی نکالی جس کا مقصد محنت کشوں کے عالمی دن پر مطالبات کے حق میں مظاہرہ تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*