یوم مئی: طبقاتی جنگ تیز کرو!

رپورٹ: مرکزی انفارمیشن بیورو

یوم مئی 2019ء پوسٹر

حکمران جماعت پی ٹی آئی نے اپنے تمام تر دعوؤں کے برعکس اقتدار سنبھالتے ہی محنت کشوں پر معاشی حملوں کا آغاز کر دیا تھا۔ آج اس تبدیلی سرکار کو ایک سال ہونے کو ہے مگر معاشی حملوں کا یہ سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا بلکہ اس میں مسلسل شدت آرہی ہے۔ حال ہی میں وزیر خزانہ کا مستعفی ہونا اس حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کی بدولت محنت کشوں کی زندگیاں اجیرن ہوتی جارہی ہیں۔ تیل، بجلی، گیس اور تمام تر ضرورریات کی اشیاء کی قیمتوں میں ”معیشت کی بہتری“ کے نام پر کئے گئے اضافے کے باوجود بھی ملکی معیشت ساٹھ فیصد سکڑ چکی ہے۔ نیا روزگار پیدا کرنا تو درکنار پہلے سے موجود روزگار کو بھی نجکاری جیسی پالیسیوں کے زریعے چھیننے کا عمل جاری ہے۔ حالیہ حکومت نے ملکی تاریخ کا بدترین نجکاری پروگرام تیار کیا ہے اور اس پر جلد ہی وحشیانہ طریقے سے عمل درآمد کرواتے ہوئے ملک کے قیمتی اثاثوں کو کوڑیوں کے بھاؤ نیلام کیاجائے گا۔ یاد رہے کہ پہلے ہی مزدور جدوجہد کو کچلنے کے لئے اداروں میں لازمی سروسز ایکٹ نافذ کردیا گیا جبکہ ٹریڈ یونین سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ پابندی لگا دی گئی ہے۔ میڈیا سمیت دیگر اداروں سے گزشتہ سال میں تیز ترین چھانٹیاں کی گئی ہیں اور محنت کشوں کی طویل جدوجہد سے حاصل کی گئی مراعاتوں کا خاتمہ کیا جارہا۔ اپنے شاہی خرچوں کو پورا کرنے کے لئے آئی ایم ایف اور دیگر دنیا کے سامنے ہاتھ پھیلائے جارہے ہیں اور محنت کشوں کی پوری کی پوری نسلوں کو داؤ پر لگایا جارہا ہے۔ جن شرائط پر آئی ایم ایف سے قرضہ لیا جائے گا یقینا محنت کشوں پر مزید حملے تیز ہوں گے۔ پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) تمام تر مزدور دشمن پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

مزدور نامہ یوم مئی شمارہ

یوم مئی کا دن محنت کش طبقے کی یکجہتی کے حوالے سے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ دنیا میں یہ واحد تہوار ہے جس کو تمام رنگوں، نسلوں، فرقوں، مذاہب اوربراعظموں کے لوگ اتنے بھرپوراندازمیں مناتے ہیں۔ یہ ہر سال شکاگو کے شہید محنت کشوں کی یاد میں منایا جاتا ہے،آج کے حالات میں دیکھا جائے تو سرمایہ دارانہ نظام اپنے نامیاتی بحران کی زد میں ہے اور محنت کشوں کے کسی ایک مسئلے کو بھی حل کرنے سے قاصر ہے۔ نجکاری، ٹھیکیداری، مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری اور غربت آج عوام کے سلگتے مسئلے بن چکے ہیں اور ان کے خلاف آواز بلند کرنا ہی شکاگو کے شہیدوں کی اصل میراث ہے۔

PTUDC کے زیر اہتمام یوم مئی 2019ء ’مہنگائی، نجکاری، بیروزگاری اور سرمایہ داری کے خلاف طبقاتی جنگ تیز کرو!‘ کے نعرے پر تجدید عہد کے دن طور پر منایا جائے گا، اس سلسلے میں مختلف ٹریڈ یونینز، فیڈریشنز، کنفیڈریشنزاور مزدورتنظیموں کے اشتراک سے ملک کے طول و عرض میں 60 سے زائد تقاریب کے انعقاد کیا جا ئے گا۔ اس سلسلے میں پور ے ملک کے کونوں میں محنت کشوں تک یوم مئی کا پیغام پہنچانے کے لئے پوسٹر چسپاں کئے جا رہے ہیں ساتھ ہی ’مزدور نامہ‘ کے خصوصی شمارہ کی اشاعت بھی کی جا چکی ہے۔ جسے محنت کشوں میں خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔

تمام ترقی پسند قوتوں، محنت کشوں، نوجوانوں اور خواتین سے بھرپور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس طبقاتی جنگ کا حصہ بنیں اور سرمایہ داری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے اپنا کردار نبھائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*