سندھ کے مختلف شہروں میں یوم مئی کی تقریبات کا انعقاد

دادو:یکم مئی کے موقع پر محدود جلسہ عام کا انعقاد
رپورٹ: کامریڈ شاہ زیب گوپانگ

یکم مئی کے دن پورے دنیا میں یوم مئی منایا جارہا ہے اس سلسلے میں دادو میں بھی بیروزگار نوجوان تحریک، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC، انقلابی طلبہ محاذRSF، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین، ہائی ویز لیبر یونین کی جانب سے کورونا وبا کے پیش نظر ایک محدود جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ میونسپل پارک میں شرکاء اکٹھے ہوئے اور بنیادی مطالبات جیسا کہ بیروزگاری، نجکاری، مہنگائی او لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کے ساتھ دادو میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صفائی اور نکاس کے نظام کو بہتر بنایا جائے، فیسوں میں کمی لائی جائے، مفت کرونا ویکسین سب کو دی جائے، دادو کیمپس بلڈنگ کے کام کا آغاز کیا جائے، لاک ڈاؤن کے دوران بیروزگار ہوئے محنت کشوں کو راشن اور ادویات کی فراہمی، بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کی جانب سے سندھ میں صدیوں سے قائم قدیم بستیوں کو مسمار کرنے اور غنڈہ گردی کرنے کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا گیا۔

جلسہ عام سے کامریڈ ستار جمالی رہنما بی این ٹی، کامریڈ انور پنہور صدر پی ٹی یو ڈی سی سندھ، کامریڈ عمران زؤنر طلبہ رہنما، کامریڈ زاھد زؤنر رہنما انقلابی ہاری جدوجہد، کامریڈ محمد موریل پہنور اور دیگر نے خطاب کیا۔ دوران خطاب مقررین کا کہنا تھا کہ شکاگو کے شہید مزدوروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ اس کا انتقام ایک سوشلسٹ انقلاب سے ہی لیا جا سکتا ہے جس کے نتیجے میں یہاں بیروزگاری، مہنگائی، صحت تعلیم، علاج، معاشی عدم مساوات جیسے مسائل کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

سہون:شکاگو کے شہداء کی یاد میں تقریب کا انعقاد

رپورٹ: سکندر اوٹھو

بیروزگار نوجوان تحریک اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC کی جانب سے سہون کی طرف سے شکاگو کے شہداء کی یاد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر سکندر اوٹھو، مشتاق سیلرو، عبداللہ چنہ، عارب ملاح اور انور پنہور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کورونا وبا کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے نوے فیصد محنت کش طبقہ متاثر ہوا ہے۔ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے وہ فاقہ کشی کا شکار ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وبا کے باوجود امیر طبقہ امیرتر ہو رہا ہے اور غریب طبقہ غریب تر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کی نجات کا ایک ہی راستہ ہے وہ ہے اس ظالم سرمایہ داری نظام کا خاتمہ کر دیا جائے۔

شہداد کوٹ: ٹریڈ یونین فیڈریشن کی جانب سے تقریب کا انعقاد
رپورٹ: کامریڈ سکندر سیلرو

یوم مئی کے شہداء کی جدوجہد اور قربانی کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے شہدادکوٹ ٹاؤن ہال میں ٹریڈ یونین فیڈریشن کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی، جس میں مہران ورکرز یونین، بیڑی ورکرز یونین، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC، رائیس فیکٹری ورکرز یونین، تعمیرات لیبر یونین، انقلابی ہاری جدوجہد شامل تھیں۔تقریب کی صدارت محمد عرس سیلرو نے کی مقررین میں غلام اللہ سیلرو، کامریڈ قادر بخش، وہاب پندرانی، گل جان بروہی، کامریڈ سکندر سیلرو، وغیرہ شامل تھے۔

مقررین نے کہا کہ یوم مئی مزدور جدوجہد، ایکتا اور فتح کی علامت ہے، دنیا میں بغیر کسی امتیاز کے یوم مئی کے شہدا کی قربانی اور جدوجہد عالمی انقلاب کی نوید ہے۔ یوم مئی کا پیغام ہے محنت کشوں کے لیے کہ ناقابل مصالحت جدوجہد اور مزاحمت کا آغاز کرو، اب مزدور اک کھیت نہیں، اک دیس نہیں ساری دنیا مانگے گے۔ کورونا وبا اور سرمایہ داری نے دھرتی، زندگی اور حیات کے خطرات پیدا کردئے ہیں۔ اب سرمائے کے نظام کو اکھاڑ کر محنت کشوں کی حکمرانی کے قائم کرنے کا وقت ہے۔ اس جدوجہد کے لیے انقلابی پارٹی کی تعمیر جدوجہد کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں اب محنت کشوں نے اپنی انقلابی قیادت تراشنی ہے۔

تقریب میں کبڑخان سیلرو، احمد خان لغاری، صالح سیلرو، غلام رسول سہتو مرحوم کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

بھان سیدآباد: شکاگو کے شہدا کی یاد میں پروگرام کا انعقاد

رپورٹ: اقبال میمن

بیروزگار نوجوان تحریک اورانقلابی طلبہ محاذ RSF کی طرف سے بھان سیدآباد میں شکاگو کے شہدا کی یاد میں اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔

اقبال میمن، بدرالدین پنھور، سجاد شاھانی اور انور پنہور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ایک سو پینتیس سال گزرنے کے باوجود محنت کشوں کے حالات نہیں بدلے۔اب بھی نہ صرف اوقات کار طویل کردیئے گئے ہیں بلکہ بھوک بدحالی کے سماجی حالات ماضی کے مقابلے میں زیادہ گھمبیر ہوگئے ہیں۔جب کہ کورونا وبا کی وجہ سے بیروزگاری، مہنگائی اور غربت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک یہ سرمایہ داری نظام رائج ہے تب تک محنت کشوں کے حالات نہیں بدل سکتے اس لئے اسی نظام کو سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ہی بدل سکتے ہیں۔

نواب شاہ: پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کا انعقاد

رپورٹ: ضیاء

ملک کے اندر کورونا وبا کے لاکڈاؤن کے مدنظر نوابشاہ میں بھی محدود سطح پر محنت کشوں کا عالمی دن منایا گیا اور سلسلے میں    PTUDC کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔جس میں کامریڈ اعجاز شیخ، کامریڈ وزیر رند، ساگر حنیف لاکھو اور دوسرے محنت کش شریک ہوئے۔جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر شکاگو کے شہداکو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام محنت کشوں کے سماجی حالات انتہائی بری حالت میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سرمایہ داری نظام میں رہتے ہوئے کوئی بھی تبدیلی نہیں آئے گی اس لیے ہمیں محنت کشوں کا سوشلسٹ انقلاب برپا کرنا پڑے گا تب ہی تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

خیرپور ناتھن شاہ: لیبر ڈے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد
رپورٹ: کامریڈ سہیل چانڈیو

ملک بھر کی طرح خیرپورناتھن شاہ میں بھی مزدوروں کا عالمی دن منایا گیا۔ خیرپورناتھن شاھ طبقاتی جدوجہد، پورھیت مزاحمت اور عوامی ورکرز پارٹی کی جانب سے لیبر ڈے کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، دیئے جلاکر شمع روشن کرکے مزدوروں کو خراج تحسین پیش کی گئی۔تقریب میں شہر کی مختلف تنظیموں پی ٹی یو ڈی سی، پورھیت مزاحمت، عوامی ورکرس، سندھ یونائیٹڈ پارٹی، سندھ ترقی پسند پارٹی، سبزی فروٹ یونین، مزدور یونین، آپکا وائس آف یوتھ اور دیگر شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
پروگرام میں اسٹیج سیکریٹری کے فرائض سہیل چانڈیو نے سرانجام دیئے،جبکہ پروگرام میں عیسٰی چانڈیو، کامران چانڈیو، غلام محمد گاڈھی، جبران چانڈیو، بلاول بھرگڑی، اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی اس موقع پر رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شکاگو کے شہداء کے مشن کو پایہ ء تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہم کو آج سرمایہ دارانہ نظام اور اس کے رکھوالوں کی طرف سے عائد ہر استحصالی صورت کے خلاف لڑنا پڑے گا۔

بیروزگاری، بھوک، بدحالی، نجکاری، پانی کی قلت اور دیگر مسائل کے خلاف جدوجہد تیز کرنی پڑے گی۔ یہ جدوجہد قومی نسلی مذہبی فرق کیے بغیر سارے غریب محنت کشوں کو متحد و منظم کریگی جو کہ ایک ایسی ملکی و عالمی قوت بنے گی کہ وہ عالمی سرمایہ دارانہ نظام کے عالمی جبر جو کہ مظلوم طبقوں اور قوموں پرصدیوں سے جاری و ساری ہے کو یکسر ختم کردیگی اور یہ صرف ایک سوشلسٹ انقلاب کے بغیر ممکن نہیں ہے۔