حیدرآباد: نادرا ملازمین بحالی تحریک کے مشترکہ اجلاس کا انعقاد

رپورٹ: PTUDC حیدرآباد

مورخہ 26 اکتوبر بروز اتوار کو نادرا ملازمین بحالی تحریک  کی جانب سے حیدرآباد میں ایک مشترکہ مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں نادرا ملازمین اورافسران سمیت پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC کے صوبائی جنرل سیکریٹری نثار احمد چانڈیو، صوبائی انفارمیشن سیکریٹری اویناش، راہول، ایسرا داس اور محمد کھوسو و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت نادرا ایمپلائز یونین کے صوبائی صدر رضا خان سواتی نے کی۔

جبکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے PTUDC کے رہنما راہول، نثار احمد چانڈیو، نادرا ایمپلائز یونین کے رہنما رضا خان سواتی، راجہ فروخ، داؤد ثیرانی، عبدالمجید پرھیار، شہزاد اصغر و دیگر نے کہا کہ نادرا ملک کا نہ صرف ایک اہم ادارہ ہے بلکہ یہ ایک قومی اثاثے کی حیثیت رکھتا ہے۔ ملک کے تمام تر معاملات میں شفافیت کا عین ذمہ دار یہ ادارہ دنیا بھر میں ڈیٹا بیس رکھنے والے جدید ترین اداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس جدید ترین ادارے کے ملازمین بغیر سروس اسٹریکچر کے اس ادارے میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جہاں اُن کے ساتھ ادارے کی انتظامیہ نے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک اختیار کرتے ہوئے مظالم کی ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ آئے دن ملازمین کی برطرفیوں نے نادرا ملازمین میں ایک بے چینی کو جنم دیا ہے۔ جس سے ملازمین شدید ذہنی اذیت کا شکار ہوگئے ہیں۔

نادرا ملازمین کی جبری برطرفیاں روز مرہ کا معمول بنتی جارہی ہیں۔ ادارہ جب جسے چاہے بنا نوٹس کے نکال دیتا ہے جس سے ملازمین یہاں بدترین خوف و اذیت کا شکار ہورہے ہیں۔ حال ہی میں کراچی سے 150 کے لگ بھگ ملازمین کو جبری طور پر برطرف کیا گیا ہے۔ دن بہ دن انتظامیہ کی زیادتیاں بڑھتی چلی جارہی ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم مشترکہ طور پر ادارے میں کی جانے والی ناانصافیوں کے خلاف سرسطح کے ملازمین کو ساتھ شامل کرکے ایک مشترکہ جدوجہد کا آغاز کریں۔ جس میں ہم دیگر اداروں کے ملازمین خاص طور پر حال ہی میں ریڈیو پاکستان سے برطرف کئے گئے، ملازمین کو بھی ساتھ شامل کرتے ہوئے اس ظالم حکمران طبقے کے خلاف ایک بھرپور جدوجہد کا آغاز کریں۔

آخر میں PTUDC کے ساتھیوں نے نادرا ملازمین کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور آئندہ منعقد ہونے والے مشترکہ اجلاسوں، لیبر کانفرنسوں اور احتجاجوں میں نادرا ملازمین کی آواز کو بلند کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر طے پایا گیا کہ برطرف ملازمین کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے گا۔ مختلف اداروں، ٹریڈ یونینز، صحافیوں، وکلا برادری اور سماجی و سیاسی تنظیموں کے درمیان مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا اور برطرف ملازمین کی بحالی کے لئے بھرپور تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*