لاہور: آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کی قومی مندوبین کانفرنس کا انعقاد

رپورٹ: PTUDC لاہور

آل پاکستان ایمپلائز پنشنرزاینڈ لیبر تحریک کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں، 14 اکتوبر کو واپڈا ہائیڈرویونین بھی پارلیمنٹ کے سامنے دھرنے میں بھرپور شرکت کرے گی، خورشید احمد

آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن (رجسٹرڈ) کی قومی مندوبین کانفرنس زیرصدارت عبدالطیف نظامانی چیئرمین کنفیڈریشن ہذا مورخہ 24 اگست کو بختیارلیبرہال لاہورمیں منعقد ہوئی جس میں واپڈا ہائیڈرویونین کی مرکزی اور ریجنل قیادت سمیت مختلف ٹریڈ یونینز سے سینکڑوں مندوبین نے شرکت کی۔ آل پاکستان ایمپلائز پنشنرزاینڈ لیبر تحریک کی جانب سے رہبرتحریک محمد اسلم خان، ایپکا پاکستان خیبرپختونخواہ کے صدرسریر خان، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC سے عمر شاہد نے کنفیڈریشن کی دعوت پر خصوصی شرکت کی۔ کرامت علی ڈائریکٹر پائلر نے کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اسلم خان نے کہا کہ ہم مزدوراتحاد کے لئے گوشاں ہیں اورآئی ایم ایف کے خلاف ایپکا پاکستان اور دیگر تنظیمیں اپنے حقوق کے لئے 14 اکتوبرکوپارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دے رہے ہیں۔ اس موقع پر واپڈا ہائیڈرو یونین کے جنرل سیکرٹری اور بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد نے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان ایمپلائز پنشنرزاینڈ لیبر تحریک کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھرنا صرف کلرکس یا دیگر تنظیموں نہیں بلکہ واپڈا ہائیڈرو یونین کا بھی ہے اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ اس دھرنے میں واپڈا ہائیڈرو یونین سے بڑی تعداد میں ملازمین شرکت کریں گے۔

آخرمیں عبدالطیف نظامانی چیئرمین کنفیڈریشن ہذا نے مندرجہ ذیل مطالبات ایک قراردار کی شکل میں پیش کئے جسے حاضرین نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ ملک کی کثیر آبادی پرمشتمل محنت کشوں اور کسانوں کو قومی پالیسی سازاداروں بمعہ اسمبلیوں اور سینٹ میں آبادی کے لحاظ سے نمائندگی دی جائے تاکہ پالیسی سازاداروں میں سماج میں غربت، جہالت، عام بے روزگاری،بیماری کو دور کرنے کے لئے ملک میں جاگیرداری و سرمایہ پرستی کے نظام پر مشتمل اورامیر وغریب کے مابین بے پناہ فرق دور کرنے کی جدوجہد کامیاب ہوسکے، حکومت پاکستان سٹیل ملز، واپڈا، ریلوے سمیت تمام عوامی اداروں کی نجکاری کی بجائے ان کی کارکردگی کو بہتر کرے، وفاقی و صوبائی حکومتیں صنعتی، زرعی، تجارتی،بینکوں، میڈیا اور سرکاری و نیم سرکاری ملازمین کی اْجرتوں و پنشنوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*