محنت کشوں اور نوجوانوں کے عظیم انقلابی رہنما امجد شاہسوار بھی ہم سے جدا ہو گئے !

رپورٹ: مرکزی بیورو، پی ٹی یو ڈی سی

پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں اور نوجوانوں کی انقلابی جدوجہد کے عظیم رہنما امجد شاہسوار ہم سے جدا ہو گئے۔ وہ طویل عرصہ سے ملائشیا میں مقیم تھے، ہفتہ 16 جنوری 2021ء کی رات مبینہ طور پر حرکت قلب بند ہونے سے ان کی موت واقعہ ہوئی، اس وقت وہ گھر میں اکیلے تھے۔ اتوار کی صبح ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا جبکہ پیر کو پوسٹ مارٹم کی رپورٹ ملنے کے بعد ان کی موت کی اصل وجہ معلوم ہوگی اور جسد خاکی پاکستان بھیجنے کے پراسیس کا آغاز کیا جائے گا۔

کامریڈ امجد شاہسوار جموں کشمیرمیں نوجوانوں کی انقلابی روایت جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن JKNSF کے عظیم رہنماؤں میں بھی شامل رہے، انہوں نے نہ صرف جے کے این ایس ایف کو اپنی اساس اور سائنسی نظریات پر استوار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، بلکہ وہ پاکستانی زیرِانتظام جموں کشمیر میں جدید سائنسی سوشلزم کے نظریات کا جرات مندی سے دفاع کرنے اور نوجوانوں کو نظریات سے لیس کرتے ہوئے انقلابی قیادت کی تعمیر کرنے والے اولین رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔

کامریڈ امجد شاہسوار نے پاکستان بھر میں نوجوان کو انقلابی نظریات سے لیس کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ محنت کشوں اور طلبہ کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے نہ صرف جموں کشمیر میں بلکہ پاکستان کے مختلف شہروں میں متعدد مرتبہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، پولیس تشدد اور ریاستی جبر کے خلاف ہمیشہ سینہ تان کر کھڑے رہے۔

اپنے تیس سالہ سیاسی کیرئیر میں ایک نڈر، بے باک اور نظریات پر اپنا سب کچھ قربان کر دینے والے کامریڈ امجد شاہسوار نے نوجوانوں اور محنت کشوں کے حقوق کی بازیابی اور جموں کشمیر کی آزادی کےلئے لازوال جدوجہد کی اور اپنی آخری سانس تک انقلابی جدوجہد کا سرگرم حصہ رہے۔ ان کے اسی کردار کی وجہ سے ہر سیاسی نظریہ اور سوچ کے حامل طلبہ اور نوجوانوں میں وہ بے حد مقبول رہے۔

ان کے تمام انقلابی ساتھی اور جموں کشمیرسمیت دنیا بھر میں بسنے والے انقلابی نوجوان آج ایک عظیم قائد سے محروم ہو گئے ہیں۔

ہم سمجھتے ہیں کہ کامریڈ امجد شاہسوار کو خراج عقیدت پیش کرنے کا واحد طریقہ ان کے نظریات اور افکار پرکاربند رہتے ہوئے محنت کشوں اور نوجوانوں کو جدید سائنسی سوشلزم کے نظریات سے لیس کرتے ہوئے اس خطے سے ہر طرح کے ظلم، استحصال اور غلامی سے نجات کی جدوجہد کو تیز تر کرنا اور حتمی فتح تک اس جدوجہد کو جاری رکھنا ہے۔

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC کامریڈ امجد شاہسوار کی عظیم جدوجہد کو خراج عقیدت اور سرخ سلام پیش کرتے ہوئے یہ عزم کرتی ہے کہ ان کے ادھورے مشن کو بہرصورت جاری رکھے گی، ہم محنت کشوں اور نوجوانوں کے سرخ پرچم کو کبھی سرنگوں نہیں ہونے دیں گے اور سوشلسٹ انقلاب تک یہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔