اسلام آباد: او جی ڈی سی ایل اتحاد یونین کا ادارے کی نجکاری کے خلاف بھرپور جدوجہد کا اعلان

رپورٹ: راجہ بابرحکیم، او جی ڈی سی اتحاد یونین سی بی اے

مورخہ 19 ستمبر بروز ہفتہ کواو جی ڈی سی ایل کے شیئرز کی فروخت کے خلاف لائحہ عمل بنانے کے لئے اتحاد یونین سی بی اے کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر یونین ہذا راجہ محمد سلیم نے کی جبکہ میزبانی کے فرائض یونین کے جنرل سیکرٹری ملک محمد اخلاق نے کئے۔ اجلاس میں یونین کے عہدے داران اور سپورٹرز نے بھر پور شر کت کی۔ اجلاس میں مختلف تجاویزات پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور نجکاری کے عمل کو نامنظور کرتے ہوئے بھرپور تحریک چلانے کا اعلان کیا گیا۔

تحریک کی ابتدا میں آئین و قانون کی روشنی میں ضروری اقدامات کرنے کا اعلان کیا گیا جن میں صدر و جنرل سیکرٹری پاکستان بھر میں او جی ڈی سیل کی تمام لوکیشنز کے دورے کر کے ورکرز کو اعتماد میں لیں گے۔ ساتھ ہی حکومتی و اپوزیشن عوامی نمائندگان سے رابطے اور ملاقاتیں کر کے مدد حاصل کی جائے گی۔چونکہ اس وقت پورے ملک کے محنت کش نجکاری پالیسی کے خلاف سرگرم عمل ہیں لہٰذا دیگر یونینز و فیڈریشنز سے رابطے مزید تیز کئے جائیں گے۔ او جی ڈی سی ایل میں بھی موجود تمام یونینز کو شامل کر کے ایک مشترکہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی بنائی جائے گی جو ادارے اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لئے سرگرم عمل ہو گی۔
اس کے علاوہ بھرپور سوشل، پرنٹ، نیوزمیڈیا اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے عوام اور حکمرانوں کے ایوانوں تک حقائق پہنچائے جائیں گے۔ نجکاری کو ہر گز قبول نہیں کریں گے اور اس کے خلاف ہر حد تک جائیں گے۔

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC، او جی ڈی سی ایل سمیت تمام عوامی اداروں کی نجکاری مخالف جدوجہد اور محنت کشوں کے حقوق کے لئے سرگرم عمل ہے اور ہم او جی ڈی سی ایل کے محنت کشوں کے ساتھ ہر محاذ پر لڑیں گے اور اس آئی ایم ایف کے نظام کے خاتمہ تک جدوجہد جاری رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*