اسلام آباد: پاکستان مزدور ایکشن کمیٹی کا قیام

رپورٹ:  PTUDC   شمالی پنجاب

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (PFUJ) کے زیر اہتمام مورخہ 9 مئی بروز منگل اسلام آباد پریس کلب میں مختلف ٹریڈ یونینز اور ایسوسی ایشنزکے عہدیداران کا اجلاس ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (PFUJ) کے  صدر افضل بٹ نے کی۔  اجلاس میں سٹیٹ بنک آف پاکستان کی یونین کے مرکزی صدر لیاقت ساہی،  CDA مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری یاسین،  اخبار فروش یونین کے جنرل سیکریٹری ٹکا خان،  ایپکا کے مرکزی نائب صدر شہزاد منظور کیانی،  پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر ڈاکٹر امتیاز عباسی،  سول ایوی ایشن اتھارٹی یونین کے خالد محمود،  زرعی ترقیاتی بنک یونین کے جنرل سیکریٹری اقبال خٹک،  پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے محمد اکرم بندہ،  واپڈ ا ہائیڈرو یونین کے جاوید بلوچ،  ظاہر گل اور ملک فتح خان،  سیاسی اور سماجی کارکن ڈاکٹر فرزانہ باری،  ریل مزدور اتحاد کے مرکزی آرگنائزر راجہ عمران،  پیپلز یونٹی PIA کے نائب صدر شعیب خان، ملک عامر صدر فیڈرل گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن، پرویز اختر بھٹی  سیکریٹری جنرل آل پاکستان PTV ایمپلائز ورکز یونین،  راجہ مجید  سیکریٹری جنرل میونسپل لیبر یونین TMA ،  لیاقت علی  صدر ایمپلائز یونین SME بنک،  ڈاکٹر عاصم سجاد  صدر عوامی ورکرز پارٹی پنجاب،  منظر نقوی  سرپرست اعلی نان گزٹڈایسوسی ایشن پمز،  یونین آف جرنلسٹ کے  ناصر ملک،  قربان ستی  PWD ورکرز یونین،   ڈاکٹر چنگیزملک  مرکزی جوائنٹ سیکریٹری پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC)،  عرفان پتافی،  سپورٹس بورڈ یونین کے مندوبین کے علاوہ بڑی تعداد میں مزدور رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس کے اختتام پر مندرجہ ذیل فیصلہ جات کیے گئے۔

٭  پاکستان مزدور ایکشن کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جس میں ہر ادارے کی یونین سے ایک یا دو ممبران اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
٭  مورخہ 23 مئی بروز منگل پاکستان مزدور ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ،   نجکاری کے خاتمے،  ٹھیکیداری نظام کے خاتمے اور کم از کم اجرت 25 ہزارمقرر کرنے کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس مظاہرے میں تمام اداروں کی ٹریڈ یونینز اپنے ادارہ جاتی مطالبات کے بینرز کے ساتھ شرکت کریں گے۔
٭  کسی بھی ادارے کے مطالبات کے حوالے سے حکومت سے مذاکرات کے وقت کمیٹی کے ارکان بھی مذاکراتی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
٭  نجکاری،  ڈاؤن سائزنگ جیسے مزدور دشمن اقدامات کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔
٭  اس کمیٹی کا بنیادی مقصدتمام پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر اداروں  کے درمیان بیگانگی کو ختم کر کے ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔
٭  تمام اداروں کے فوری حل طلب مطالبات کو منوانے کی ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔
٭  مزدور تحریک کومنظم کرنے کے لیے راولپنڈی اسلام آباد کے بعد دائرہ کار وسیع کیا جائے گا اس کمیٹی کو ملکی سطح تک منظم اور متحرک کیا جائے گا۔