پلندری: یوم مئی کی مناسبت سے جے کے این ایس ایف اور پی ٹی یو ڈی سی کے زیرانتظام افطار ڈنر و سیمینار کا انعقاد

رپورٹ: سعد ناصر

مورخہ 26 اپریل کو باغ بازار پلندری میں افطار ڈنر و سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوانوں و مختلف ٹریڈ یونین نمائندگان نے شرکت کی۔ سیمینار میں شکاگو کے محنت کشوں کی عظیم جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے موجودہ عہد اور محنت کشوں کی جدوجہد کے تقاضوں پہ گفتگو ہوئی۔

مقررین میں رہنما پی ٹی یو ڈی سی سعد ناصر، چئیرمین ایپکا ضلع سدھنوتی تنویر الطاف، مرکزی چیف آرگنائزر JKNSF سعد خالق ، مرکزی صدر ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن سردار افضل شاہین، مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت فنی ملازمین برقیات زین العابدین گردیزی، ضلی جنرل سیکرٹری فاریسٹرز اینڈ فاریسٹ گارڈز ایسوسی ایشن نزاکت خان، مرکزی رہنما JKNSF کامریڈ بدر رفیق، رہنما سکول ٹیچرزآرگنائزیشن مظہر اقبال، ضلعی آرگنائزر پی ٹی یو ڈی سی ابرار حسین، مرکزی چیئرمین جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن خلیل بابر و دیگر شامل تھے، جبکہ سٹیج کے فرائض ضلعی صدرغیرجریدہ عبدالواحد خان نے ادا کئے۔

مقررین نے شگاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کو بلاتخصیص رنگ، نسل، مذہب، قومیت، علاقہ و برادری ساری دنیا کے محنت کشوں کی جدوجہد قرار دیتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور اس خطہ میں محنت کش طبقے کو درپیش بقا کے مسائل پہ بات رکھی۔ مسلسل بڑھتی مہنگائی، مستقل روزگار کے خاتمے و بے روزگاری کی اذیت ، مہنگی تعلیم و مہنگے علاج ، لوڈ شیدنگ، بنیادی جمہوی حقوق کی صلبی و دیگر سنجیدہ مسائل کی بنیادی وجہ آئی ایم ایف کی پالیسیوں اور سرمایادارانہ نظام کو قرار دیا اور اپنی بقا کیلئے معاشی مطالبات کے ساتھ سیاسی سوال بھی محنت کشوں و نوجوانوں کے سامنے رکھنے کا عہد کیا۔