آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے خلاف ایپکا پاکستان کے پنجاب بھر میں مظاہرےو ریلیاں

رپورٹ: PTUDC

آل پاکستان.کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے زیر اہتمام مورخہ 23 ستمبر بروز بدھ کو آئی ایم ایف کی پالیسیوں اور اپنے 17 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کے لئے پنجاب بھر میں سرکاری ملازمین نے احتجاج کیا ۔ اس سلسلے میں لاہور میں ایپکا کے مرکزی صدرحاجی محمد ارشاد چوہدری کی کال پر لاہور کے تمام محکمہ جات کے ہزاروں ملازمین نے دفتروں کی بجائے گھروں سے سیدھا محکمہ زراعت ڈیوس روڈ تا 7 کلب وزیراعلی ہاؤس ایپکا احتجاجی ریلی میں شرکت کی۔ جمہوریت میں پولیس گردی کے باوجود ملک بھر میں یکساں مراعات 150% ایگزیکٹو الاؤنس کی طرزپر ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ اور یوٹیلٹی الاؤنس سمیت اپنا حق لینے کیلئے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے پولیس رکاوٹیں توڑتے ہوئے مسلم لیگ ہاؤس چوک عبور کرتے ہوئے آگے بڑھے۔

جیسے ہی 7 کلب وزیراعلی ہاؤس سے تھوڑا پہلے ریلی پہنچی تو خاردار تار اور بیرئیر لگا کر پنجاب پولیس کی بھاری نفری نے ڈیوس روڈ مکمل بند کرکے ریلی کو روک لیا۔ جس پر وہاں ہی سڑک پر دھرنا دیا گیا، اپنے خطاب میں حاجی محمد ارشاد چوہدری نے حکومت کے غیر جمہوری رویہ کی شدید مزمت کرتے ہوئے مطالبات کی منظوری اور ہر قسم کی تفریق کے خاتمہ تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

.بعد ازاں حکومت کی ہدایت پر SP سول لائن ، ڈی سی لاہور کی نمائند گی کرتے ہوئے AC سٹی و دیگر نے مذاکرات کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ وزیراعلی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور ان کی ٹیم ڈی سی لاہور کی وساطت سے جلد ایپکا کے مطالبات منظور کرنے کیلئے آپکو بلا رہے ہیں۔ یقین دہانی کے بعد ریلی کے شرکا پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

راولپنڈی

 راولپنڈی میں ایپکا پاکستان کی جانب سے احتجاجی ریلی بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سے مریڑھ چوک تک نکالی گئی، جس دوران ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔ احتجاجی ریلی کی قیادت ایپکا پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سردار حنیف ودیگر رہنماؤں نے کی۔ احتجاج میں پی ٹی ڈی سی، ریلوے، ٹی ایم اے، ایچ بی ایف سی، پی ٹی یو سی ڈی سمیت دیگر تنظیموں نے کی۔ ریلی کے شرکا نے  چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے اداروں کی نجکاری اور جبری برطرفیاں کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار حنیف نے کہا کہ ظالم حکومت نے ہر طبقہ کے ملازمین کو زندہ درگور کردیا ہے، مرکز اور صوبائی حکومت ایپکا چارٹر آف ڈیمانڈ فوری منظور کریں۔ اسلام آباد دھرنے کا فیصلہ حتمی ہے، حکومت محاذ آرائی سے گریز کرے۔ چارٹر آف ڈیمانڈ منظور نہ ہوا تواحتجاجی مظاہروں ریلی اور دھرنوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*