پشاور: جبری برطرفیوں، نجکاری اور ایم ٹی آئی کے کالے قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

رپورٹ: میڈیا سیل، آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) خیبرپختونخوا

آل گورنمنٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل خیبرپختونخوا اور آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) خیبرپختونخوا کی جانب سے پاکستان سٹیل ملز، ریڈیو پاکستان اور دیگر اداروں سے ملازمین کی جبری برطرفیوں سمیت نجکاری اور ایم ٹی آئی کے کالے قانون کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے اظہاریکجہتی کے لئے مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج کے دوران قومی اداروں کی نجکاری اور ملازم کش پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

مقررین نے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے اشاروں پر چلتے ہوتے اس ملک کے محنت کش کو کچلنا چاہتی ہے۔ پاکستان سٹیل ملز، ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، پاکستان ٹیلی ویژن اور دیگر کئی اداروں سے اصلاحات اور ڈاؤن سائزنگ کے نام پر ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے نکال کر ان کے گھر کے چولہے ٹھنڈے کردئے گئے ہیں اور ان کے بچوں کا مستقبل تاریک بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کا محنت کش طبقہ جو اس ملک کی معیشت کو چلا رہا ہے، آج بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ایماء پر حکومت کی جانب سے شب خون مارے جانے کا شکار ہیں۔ انہوں نے ایم ٹی آئی ایکٹ اور آرڈیننس کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے اسے سرکاری ہسپتالوں کی تباہی کا سبب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس آرڈیننس کی صورت میں ہسپتالوں کی باقاعدہ نجکاری کا آغاز ہو چکا ہے۔ صحت کی سہولیات جو عوام کا بنیادی حق ہے اور انھیں مفت فراہم کرتا ریاست کی ذمہ داری ہے، اس کالے قانون کے تحت اب عوام کی پہنچ سے اسے بھی دور کیا جارہا ہے اور عوام کے کندھوں پر مہنگے اور نجی علاج کا بوجھ ڈالا جارہا ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں کی حالت زار سب کے سامنے ہے جو ایم ٹی آئی ایکٹ کے لاگو ہونے کے بعد ہوا، اسی ظالمانہ نظام کو اب ملک بھر کے تمام ہسپتالوں پر مسلط کیا جارہا ہے جو اس ملک کے صحت کے نظام کی کمر توڑنے اور عوام کے ساتھ غداری کرنے کے مترادف ہے۔

قائدین نے مشترکہ قرارداد پیش کرتے ہوئے پاکستان سٹیل ملز، ریڈیو پاکستان اور دیگر اداروں سے جبری طور پر برطرف کئے جانے والے ملازمین کی فوری بحالی، قومی اداروں کی نجکاری اور ایم ٹی آئی کے کالے قانون ختم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا اور مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں متاثرہ اداروں کے ملازمین کے ساتھ احتجاج میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا گیا۔ مقررین میں محمد اسلم خان، مرکزی چیئرمین ایپکا پاکستان و رہبر تحریک آل پاکستان ایمپلائر، پنشنرز اینڈ لیبر تحریک، ریاض خان چیئرمین آل ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل خیبرپختونخوا، سریر خان صوبائی صدر ایپکا پاکستان خیبر پختونخوا، حاجی عبد المناف چیئرمین آل پاکستان ایمپلائز کنفیڈریشن اور دیگر شامل تھے۔