کراچی: عالمی سامراجی اداروں کے اشاروں پرعوام کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے، پی ٹی یو ڈی سی

رپورٹ: انفارمیشن بیورو

حکومت کے عوام سے کئے گئے تمام تر دعوے اور وعدے خاک میں مل چکے ہیں؛ قمرالزمان خاں

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے مرکزی جنرل سیکریٹری قمرالزمان خاں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آئے روز تیل، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ محنت کشوں کو بدترین غربت میں دھکیل رہا ہے۔ گزشتہ صرف ایک سال میں وفاقی حکومت کی اپنائی گئی عوام دشمن پالیسیوں کی بدولت 80 لاکھ سے زائد عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ حکومت کے عوام سے کئے گئے تمام تر دعوے اور وعدے خاک میں مل چکے ہیں۔ صرف آئی ایم ایف اور عالمی اداروں کی ایما پر معاشی پالیسیوں کومرتب کیا جارہا ہے جس سے غربت میں بدترین اضافہ ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 12 جنوری کو PTUDC کی مرکزی کمیٹی کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ توانائی کے نرخوں میں تیزی سے اضافے کی بدولت لاہور، کراچی، فیصل آباد، گجرانوالہ، راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں ہزاروں کارخانے اور فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں۔ آئے روز مزید ادارے بند ہونے کی طرف جارہے ہیں، حکومت کی ان مزدور دشمن پالیسیوں کی وجہ سے بے روزگاری میں بدترین اضافہ ہوررہاہے اور محنت کش عوام کے گھرانے فاقے کاٹنے پر مجبور ہیں۔ حکومت کی جانب سے پچاس لاکھ نئے گھر بنانا تو درکنار پر مزید 30 لاکھ لوگوں کو تجاورزات کے خلاف آپریشن کے نام پر بے گھر کردیا گیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کی طرف سے روز مرہ کی اشیاء اور ادویات میں کیا گیا 300فیصد تک کا اضافہ فوری طور پر واپس لے۔اسی طرح آئی ایم ایف کی ایما پر بنائی جانے والی تمام تر پالیسیاں عوام دشمن ہیں اسی لئے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے جبکہ آئی ایم ایف کی ٹیم کو واپس بھیجا جائے۔

پریس کانفرنس سے قبل PTUDC کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا تھا جس میں حکومت کی ان تمام تر پالیسیوں پرپورے پاکستان سے آئے مزدور رہنماؤں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا اور ان مزدور دشمن اقدامات کی بھرپور مذمت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے خلاف بھر پور مہم چلائی جائے گی اور اس سلسلے میں 14مارچ کو ایون اقبال تا پریس کلب لاہور تک مزدور ریلی نکالی جائے گی۔ پریس کانفرنس میں PTUDC کے مرکزی آرگنائز عمر شاہد، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر چنگیز ملک، سینئر نائب صدر ایڈوکیٹ غفران احد، فنانس سیکریٹری ماجد میمن، انفارمیشن سیکریٹری عمر رشید، صوبہ سندھ کے صدر انور پنہوراور جنرل سیکرڑی نثار احمد چانڈیوسمیت دیگر موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*