پی ٹی یو ڈی سی کا آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے خلاف سندھ بھر میں بھرپور مزدور رابطہ مہم چلانے کا اعلان

رپورٹ: ایسر داس

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین صوبہ سندھ کی کابینہ کا اجلاس مورخہ 13 ستمبر 2020ء بروز اتوار کو PTUDC حیدرآباد ریجنل آفس میں منعقد کیا گیا۔ جس کی صدارت صوبائی صدرانور پنہور نے کی جبکہ میٹنگ کی کاروائی جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ نثار احمد چانڈیو نے چلائی۔ اجلاس میں سندھ کے مختلف شہروں سے PTUDC کے رہنماؤں نے شرکت کی جن میں OGDCL سے حسن بخش کھوسو، NADRA سے رضا خان سواتی، واپڈا ہائیڈرو ایمپلائز یونین کے رمیش کمار، اسٹیل مل کراچی سے اکبر میمن، ماجد میمن، حیدرآباد کے رہنما ایسر داس اور اویناش سمیت دیگر نے شرکت کی۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر آئی ایم ایف کی ایما پر محنت کشوں کا استحصال کئے جارہی ہے۔ جبکہ محنت کشوں کی ایک مشترکہ جدوجہد کی اشد ضرورت موجود ہے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کیا گیا کہ سندھ بھر کے مختلف شہروں میں جلد محنت کشوں کی تنظیم سازی کی جائے گی اور مشترکہ جدوجہد کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اسی ضمن میں مختلف شہروں میں جنرل باڈیز کے اجلاس بھی منعقد کئے جائیں گے۔ اجلاس میں 14 اکتوبر کو آل پاکستان ایمپلائز‘پنشنرز و لیبر تحریک کی جانب سے اسلام آباد میں منعقد کئے جانے والے احتجاجی دھرنے کی بھی بھرپور حمایت کی گئی اور طے کیا گیا کہ ملکی سطح پر محنت کشوں کی منظم جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے گا۔ میٹنگ کے آخر میں نادرا ایمپلائز یونین کے سابقہ صوبائی صدر رضا خان سواتی کو ملازمت سے جبری برطرف کرنے کے انتظامیہ کے فیصلے کی مذمت کی گئی اور شرکاء نے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور بحال کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*