لاہور: سرمایہ داری اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف ہزاروں محنت کشوں کی ریلی

رپورٹ:  PTUDC لاہور

سرمایہ داری نظام محنت کشوں کے لئے ناقابل برداشت ہوچکا ہے، نجات کا راستہ سوشلسٹ انقلاب ہے۔

منڈی کی معیشیت کروڑوں مزدوروں اور کسانوں کی محنت کو لوٹ کر اقلیتی سرمایہ دار طبقے کو ارب پتی اور محنت کشوں کو کنگال کئے جا رہی ہے۔ نجکاری پالیسی سے بیروزگاری، غربت اور استحصال میں شدت پیدا ہو رہی ہے۔ لبرلائزیشن کی پالیسی سے ملٹی نیشنل کمپنیوں کی لوٹ مار بڑھ رہی ہے۔ پاکستان سٹیل مل، پی آئی اے، پاکستان ریلوے سمیت تمام عوامی اداروں کو برباد کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC کے زیر اہتمام ہزاروں محنت کشوں کی ریلی سے لاہور پریس کلب پہنچنے پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی کا آغازایوان اقبال سے ہوا۔ واپڈا، اوجی ڈی سی ایل، کراچی اسٹیل ملز، ریلوے، ٹیکسٹائل کے شعبے، یونی لیور، کوکاکولا، مرک مارکر، اتحاد کیمیکلز، رستم ٹاولز، ایپکا، پی آئی اے سمیت مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں محنت کشوں نے ریلی میں شرکت کی۔ ریلی کے دوران شرکا نے عوام دشمن معاشی پالیسیوں اور سرمایہ داری کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔

ملک بھر سے آئے ہوئے مزدور رہنماﺅں نے مطالبہ کیا کہ حکومت نجکاری پالیسی کو فی الفور منسوخ کرتے ہوئے عوامی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے مزدوروں سے مشاورت کرے۔ سپریم کورٹ کے 2006ءکے فیصلے کے مطابق مستقل کام کی نوعیت کے مطابق تمام کنٹریکٹ لیبر کو مستقل کیا جائے۔ مزدور دشمن لیبر ایکٹ ختم کئے جائیں اور مزدوروں کی مشاورت سے ملکی سطح کا نیا انڈسٹریل ریلیشن آرڈینس بنایا جائے۔ ریلوے ، اسٹیل مل، یونی لیور، نیسلے کبیروالا ، کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن KESC، فوجی فرٹیلائزر FFC، فاطمہ فرٹیلائزر اور کریسنٹ باہو مان فیکٹری سمیت تمام اداروں سے نکالے گئے مزدوروں کو بحال کیا جائے ۔ کام کے اوقات کار کم کر کے ہفتہ وار 35گھنٹے کئے جائیں ۔ بنکس، ریلوے، ایکسپورٹ پراسس زونز، پی آئی اے اور سول ایویشن میں یونین سرگرمیوں پرعائد پابندیاں ختم کی جائیں۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو این جی اووزاور نجی مالکان کے چنگل سے نکال کر ریاست یہ ذمہ داریاں خود نبھائے۔ ریلی میں پاکستان سٹیل ملز کے محنت کشوں کی جدوجہد کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کیا گیا جبکہ ریلوے کے محنت کشوں پر ریاستی جبر کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

احتجاجی ریلی کی قیادت مرکزی چیئرمین نذر مینگل، وائس چیئرمین غفران احد اور سیکرٹری جنرل قمر الزمان خان نے کی جبکہ مقررین میں چنگیز ملک، عمر شاہد، ماجد میمن، رﺅف لنڈ، حیدر چغتائی، سید زمان، اکبر میمن ، ندیم پاشا، نوید اسحاق، سعید خاصخیلی اور انور پنہور شامل تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*