لاہور: پنجاب یونین آف جرنلسٹس کا نیوز ون میں کارکنوں کے واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کا اعلان

رپورٹ: خواجہ آفتاب حسن، جنرل سیکرٹری پی یو جے

پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے نیوز ون میں کارکنوں کی سات ماہ سے زائد تاخیر اور واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف نیوز ون لاہور کے دفتر میں احتجاجی مراسلہ انتطامیہ اور بیورو چیف لاہور منور بٹ کے حوالے کیا۔

پی یو جے کے صدر قمرالزمان بھٹی، نائب صدر یوسف عباسی، خزانچی بدر ظہور چشتی، ممبرایگزیکٹو کونسل جاوید ہاشمی، جواد حسن گل اور تنویراحمد پر مشتمل پی یوجے کا وفد نیوز ون لاہور کے دفتر میں پہنچا۔ اس موقع پر پی یو جے کے صدر نے بیورو چیف لاہورمنور بٹ سے ادارے میں ورکرز کی تنخواہوں میں غیر معمولی تاخیر اور سات ماہ سے زائد کے واجبات ادا نہ ہونے کے خلاف گہری تشویش کا اظہار کیا ۔

پی یو جے کے صدر قمرالزمان بھٹی نے نیوز ون کی انتظامیہ پر واضح کیا کہ آج کا احتجاج کراچی کے سینئر ساتھی شہید ایس ایم عرفان کی پہلی برسی کے موقع پر نیوز ون کی انتظامیہ کو یاددہانی اور علامتی احتجاج کے طور پر کیا جا رہا ہے۔ اگر نیوز ون کی انتظامیہ نے چند دنوں میں ورکرز کی تنخواہوں کے معاملہ کو حل نہ کیا تو پھر بہت جلد پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے پلیٹ فارم پر نیوز ون کے لاہور، کراچی،اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کے دفاتر کے باہر ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

اس موقع پر پی یو جے کے صدر قمرالزمان بھٹی نے نیوز ون کے ورکرز کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پی یو جے کے یو جے، آرآئی یو جے سمیت پوری پی ایف یو جے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔