لاہور: محکمہ تعلیم پنجاب میں مستقل ملازمتیں ختم، کنٹریکٹ پر بھرتیاں کرنے کا فیصلہ

رپورٹ: PTUDC لاہور

صوبہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں سہولیات کا شدید فقدان ہے اور اساتذہ کم وسائل کے باوجود تعلیم دینے میں مصروف عمل ہیں۔ صوبہ بھر کے سکولوں میں اس وقت ستر ہزار اساتذہ کی فوری ضرورت ہے۔ حکومت کی جانب سے وسائل مہیا کرنے کی بجائے مختلف حربوں کے ذریعے اساتذہ کی تذلیل کی جا رہی ہے، چیکنگ، سپروائزی دوروں اور کورونا ایس او پیز کے نام پر اساتذہ کو معطل یا ٹرانسفر کیا جا رہا ہے۔ ریشنلائزیشن کی پالیسی کی آڑ میں حکومت سکولوں کی نجکاری کرنا چاہ رہی ہے۔ اس صورتحال میں اب محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ کی بھرتی کے حوالے سے پالیسی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، آئندہ اساتذہ کی بھرتی مستقل بنیادوں کی بجائے عارضی طور پر کی جائے گی۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہی کنٹریکٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت پنشن کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتی۔

اساتذہ کی نئی بھرتیاں صرف ایک سے دو سال کے کنٹریکٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی۔ خراب کارکردگی پر اساتذہ کے کنٹریکٹ میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ دوسری جانب سکول ایجوکیشن کا پنشن بچت پلان کے تحت سرکاری سکولوں میں پارٹ ٹائم کوچز رکھنے کا فیصلہ کرلیا، پروگرام مانیٹرنگ اینڈ ایمپلمنٹیشن یونٹ نے سکولوں سے پی ٹی سی ٹیچرز رکھنے کیلئے تعداد مانگ لی  ہے۔ پی ٹی سی ٹیچرز کو 6 ماہ کیلئے سکولوں میں رکھا جائے گا۔اچھی کارکردگی پر کنٹریکٹ میں توسیع دی جائے گی۔ پی ٹی سی ٹیچر کو قابلیت کے مطابق 20 سے 40 ہزار روپے تنخواہ دی جائے گی۔

پنجاب ٹیچرز یونین کے  مرکزی صدر ملک لطیف شہزاد اور پنجاب ٹیچرز سپریم کونسل کے رہنماؤں رائے غلام مصطفٰی، چوہدری افضل بھنڈر، مرزا طارق محمود، میاں امجد علی اور دیگر نے حکومت کے اس فیصلے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ تعلیم کے معیار کو مزید گرانے کا سبب بنے گا اور بیروزگاری کی لہر میں اضافہ کا سبب بھی بنے گا۔ ہم اس فیصلے کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اس کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC اساتذہ کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہمارا اصولی موقف ہے کہ قومی اداروں کی نجکاری کی بجائے ان کو بہتر بنایا جائے، تمام کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ اس وقت پورے ملک کے ملازمین اور محنت کشوں پر سخت معاشی حملے کر رہی ہے۔ اس صورتحال میں متحد ہو کر جدوجہد ہی واحد راستہ ہے، PTUDC پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچرز ایسوسی ایشن، ٹیچرز یونینز اور یونیورسٹیز کے ایمپلائز کے ساتھ مل کر لاہور مال روڈ پر جلد عظیم الشان ’تعلیم بچاؤ ریلی‘  منعقد کرے گی جس کے لئے روابط کا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے۔ اس کی تاریخ کا باقاعدہ اعلا ن تمام تر سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*