کوئٹہ: آئی ایم ایف کے مرتب کردہ وفاقی بجٹ کے خلاف مظاہرہ

رپورٹ: PTUDC کوئٹہ

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDC کے زیراہتمام مورخہ 25جون کو مزدوردشمن وفاقی بجٹ کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں PTUDC کے کارکنان، نوجوانوں، محنت کشوں اور مختلف ٹریڈ یونینز مارٹن ڈاؤ مارکر فیکٹری ایمپلایز یونین، پیپلز یونٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے وفاقی بجٹ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

احتجاجی مظاہرے سے PTUDC کے مرکزی چیئرمین نذرمینگل، پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے علی رضا منگول اور مرک فیکٹری کے غلام رسول نے خطاب کرتے ہوئے وفاقی بجٹ کو مستردکرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ سامراجی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کا مرتب کردہ ہے جس کا مقصد سرمایہ داروں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کو زیادہ سے زیادہ مراعات فراہم کرنا ہے۔ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے ملک کو باقاعدہ طور پر آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ ان کے تمام تر انتخابی وعدے اب فریب ثابت ہوچکے ہیں۔ مہنگائی اور بیروزگاری آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں اور جب ان ظالمانہ اقدامات کے خلاف کوئی بات کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے غائب کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا موجودہ جبر دراصل ان کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے اور وہ وقت دور نہیں جب محنت کش طبقہ ان ظالم حکمرانوں کے خلاف اٹھ کر ان کے زر کے نظام کو اکھاڑ پھینک کر اس سرزمین پر مزدور راج قائم کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*