اسلام آباد: ریڈیو پاکستان میں جبری برطرفیوں کے خلاف ڈی چوک پر مظاہرہ

رپورٹ: سجاد حسین ساجد، میڈیا کوآرڈینیٹر، آل پاکستان ایمپلائز، پنشنرز و لیبر تحریک

پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (ریڈیو پاکستان) سے ایک ہزار کے قریب دیرینہ کنٹریکٹ ملازمین کی بلاجواز برطرفی کے ظالمانہ حکومتی اقدام کے خلاف ملک بھر کے ریڈیو ملازمین کی نمائندہ تنظیم یونیورسل سٹاف آرگنائزیشن (سی بی اے) کے زیراہتمام متاثرہ ملازمین کی جانب سے ڈی چوک میں کل مورخہ 24 نومبر کو احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا۔

مظاہرے میں پیپلز لیبر بیورو (سنٹرل پنجاب) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ایچ بی ایف سی ورکمین یونین (سی بی اے) کے مرکزی صدر راجہ پرویز اختر، پیپلز لیبر بیورو کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد، پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر چنگیز ملک، میونسپل لیبر یونین میٹرو پولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری راجہ عبد المجید، اتحاد یونین آف او جی ڈی سی ایل ایمپلائز کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل انصر ایوب ورائچ، نائب صدر سجاد خان اور آل پاکستان ایمپلائز، پنشنرز و لیبر تحریک سے ملحقہ تنظیموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ تمام مزدُور رہنماؤں نے متاثرہ ملازمین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان سی بی اے کے مرکزی جنرل سیکرٹری محمد اعجاز کو اُن کی جدوجہد میں اپنے بھرپورتعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔