کامریڈ نتھو مل کی وفات پر راہول کا خطاب !

کامریڈ نتھومل کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد میں ان کے قریبی ساتھی راہول  کی جانب سے الوداعی خطاب کا اردو ترجمہ

میرے عزیر ساتھیوں،

آج کا دن نہ صرف سندھ اور پاکستان کے کامریڈز کے لئے بلکہ پوری دنیا کے کامریڈز کے لیے انتہائی دُکھ بھرا دن ہے۔ شاید کچھ لوگوں کو یہ لگتا ہو کہ کامریڈ نتھو سے کوئی واقف نہیں، مگر ہم جانتے ہیں کہ کامریڈ نتھو کا شمار تاریخ کے اُن عظیم ترین لوگوں میں ہوتا ہے جو کہ پاکستان سمیت پوری دنیا کی مزدور تحریک کو جوڑنے میں اپنا کردارادا کررہے تھے۔ ایسا نہیں کہ کامریڈ محض گزشتہ چند سالوں سے اس جدوجہد میں متحرک تھے، بلکہ کامریڈ نے اپنی پوری جوانی اس انقلابی جدوجہد کے لئے وقف کردی۔ اور ہم آج یہ فخر کرتے ہیں کہ ہمارے استاد اپنی آخری گھڑی تک ایک انتھک مارکسسٹ تھے۔ وہ کل شام تک بھی جب ہمارے ہمراہ گفتگو کررہے تھے، اُس گفتگو میں کہیں بھی مایوسی نہیں تھی۔ کامریڈ نے اپنی گزاری ہوئی زندگی پرافسوس نہیں کیا بلکہ اُن کا حوصلہ اور یقین اس بات پر تھا کہ اگر مجھے دوبارہ بھی زندگی ملے تو میں ایک بار پھر انہی آدرشوں پر یہ زندگی گزاروں کا جن پر وہ پہلے ڈٹے رہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ کامریڈ نتھو ایک ایسے انقلابی کردار تھے، جن کی لگائی جنگاری آج پوری دنیا میں شعلہ بن کر بھڑک رہی ہے۔ دنیا بھرمیں ابھرنے والی تمام تر انقلابی تحریکیں چیخ چیخ کر آج یہ پیغام دے رہی ہیں، جو کامریڈ نتھو کی گزاری ہوئی زندگی تھی، اُن کے آدرش اور نظریات تھے، اُن کی کی گئی جدوجہد آج بھی زندہ ہے۔ کامریڈ کی کی ہوئی محنت کی بدولت وہ پوری ایک نسل کے استاد تھے۔ سویت یونین ٹوٹنے کے بعد کئی ’بڑے بڑے‘ لوگ این جی اوز میں غرق ہوگئے، انہوں نے خودکشیاں کرلیں، رجعت پسندی میں غرق ہوئے، وہ مایوس ہوگئے، انہوں نے اپنی زندگیوں کو برباد سمجھنامحسوس کردیا۔ مگر کامریڈ نتھو ایک ایسے کردار تھے، جنہوں نے بہاؤ کے الٹ سویت یونین اور انقلاب کے خلاف ہونے والی کوششوں کے خلاف سرخ پرچم کو تھامے بلند رکھا اور اُسے آگے بڑھایا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ آج سویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد ایک پوری نسل جوان ہوگئی ہے،جو نسل اُن مایوسیوں سے واقف نہیں ہے بلکہ وہ نسل کامریڈ نتھو جیسے جرات مند اور جوشیلے کامریڈز سے واقف ہے۔ اسی لیے ہمارا ماننا ہے کہ کامریڈ نتھو بھلے ہی جسمانی طور پر ہم سے بچھڑ گئے ہوں مگر اُن کی کی ہوئی جدوجہد کو نہ صرف جاری رکھا جائے گا اوران کے ادھورے کام کو پورا کیاجائے گا۔

آج ہم عزم کرتے ہیں کہ ہم اُس مشن کو آگے بڑھائیں اور نہ صرف پاکستان بلکہ ہندوستان سمیت برِصغیر اور پوری دنیا میں سوشلسٹ انقلاب برپا کرکے کامریڈ نتھو مل کو حقیقی خراج تحسین پیش کریں گے۔