افسوس ناک لمحہ: روق فریریرا یہاں موجود ہے!

روق فریریرا Roque Ferreira، برازیل میں ریلوے یونین کے قائد اور بلیک سوشلسٹ موومنٹ کے نیشنل کوآرڈینیٹر تھے، انہوں نے اپنی ساری زندگی ریاست اور سرمایہ داروں کے مزدور دشمن حملوں کے خلاف اور مزدوروں کے حقوق کے لئے سرگرم جدوجہد میں گزاری۔ برازیل کی عوامی ریلوے سروس کی نجکاری کے خلاف لڑائی میں بھی وہ صف اول پر رہے۔ ان کا انتقال کورونا کی وجہ سے طویل علالت کے بعد 4 ستمبر کو ہوا۔ ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہم ان کے قریبی ساتھی اور برازیل ریلوے محنت کشوں کے رہنما جوس کارلوس مرانڈا کی جانب سے  لکھی تحریر کواردو زبان میں شائع کر رہے ہیں۔

تحریر: جوس کارلوس مرانڈا، برازیل

جوس کارلوس مرانڈ ا (دائیں)، روق فریریرا (بائیں)

اس بارکورونا وبا کی وجہ سے میری زندگی کا سب سے مشہور اور سرشار کامریڈ آج ہم میں موجود نہیں رہا۔ مورخہ 4 ستمبر کو ہمارے کامریڈ اور سوشلزم کی جدوجہد کے سپاہی روق فریریرا ہم سے جدا ہو گئے۔ روق فریریرا ایک باپ، بھائی، کامریڈ اوررازدارساتھی تھا۔انہوں نے مزدور جدوجہد میں کم عمری سے ہی حصہ لینا شروع کر دیا تھا، ٹیکنکل کالج SENAI سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں میٹل ورکنگ پلانٹس میں کام کیا اور پھر پرانے فیڈرل ریل روڈ نیٹ ورک میں ملازمت اختیار کر لی۔ یہاں انہوں نے تاریخ رقم کی اور یہاں ہی شمال مغربی ریلوے ورکرز یونین کی کرپٹ قیادت کے خلاف لڑائی کے دوران میرا ان سے تعارف ہوا۔میں اس وقت ریلوے کا نوجوان محنت کش تھا جو کہ SENAI سے پاس ہونے کے بعد رلوز شہر کے قریب واقع ساؤ پائلو ریلوے ورکشاپ میں کام کررہا تھا۔

روق فریریرا موجودہ برازیل کی ورکرز پارٹی (PT) میں موجود انقلابی کمیونسٹ پارٹی (پی آر سی) رحجان میں جدوجہد پر یقین رکھنے والا لڑاکا تھا۔ ان کا شمار PT، CUT یونین فیڈریشن کے بانیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے مقامی حکومتوں کے انتخابات میں بھی حصہ لیا اوربابورو شہر میں دو بار کونسلر منتخب ہوا۔ (فریرا 2008 اور 2012 میں سیاسی جماعت PT کے پلیٹ فارم سے مقامی کونسلر منتخب ہوئے اور دو دفعہ کونسلر کی چار سالہ مدت پوری کی)۔ ہم دونوں نے مل کر PT چھوڑی اور PSOL کے نام سے نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کرنے میں مگن ہو گئے۔

جب وہ اس خوفناک بیماری کا شکار ہوئے اس وقت وہ آنے والے انتخابات میں میئر کے لئے امیدوار تھے۔ روق نظم و ضبط، فراخ اور پختہ ساتھی تھا اورانہیں نئی نسل کی طاقت پر پورا یقین تھا۔ یونین کے رہنما سے لے کر سمبا اسکول صدر تک، MST (دیہی مزارعین کی جماعت)، فیکٹری کے محنت کشوں، معروف ہڑتالوں اور نسل پرستی کے خلاف لڑائی میں صف اول پر لڑتے رہے۔ روق نیگرو یونیفیکڈو (MNU – متحدہ بلیک موومنٹ) کے بانی بھی تھے۔ ساؤ پالو میں ہم نے مزدوروں کے لئے مل کر جدوجہد کی۔ان کی موت سے ناقابل تلافی نقصان ہوا جسے پورا نہیں کیا جا سکتا اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

آنسوں اور درد دل کے اس لمحے میں، میں صرف اس کے ساتھی تاتیانا اور ان کے بچوں ڈندارا، مشیل،ٹیلز اور ونسیوس کے ساتھ ان کے خاندان کے تمام افراد، دوستوں اور ساتھیوں کو اظہار یکجہتی، بھائی چارہ اور ہمدردی کے گہرے جذبات بھیج سکتا ہوں۔

روق فریریرا یہاں موجود ہے! آج اور ہمیشہ کے لئے!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*