قصور: مذہبی اقلیتوں کے مسائل پر سیمینار کا انعقاد

رپورٹ: فیاض احمد

مورخہ 24 دسمبر کو دوپہر ایک بجے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور تاہنگ سنگت کے زیر اہتمام لطیف پورہ قصور میں سرمایہ دارانہ سماج میں مذہبی اقلیتوں کے مسائل اور بنیاد پرستی کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقے کے محنت کشوں، نوجوانوں اور سیاسی کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سٹیج سیکرٹری کے فرائض پی ٹی یو ڈی سی کے آرگنائزر فیاض احمد نے ادا کیے جبکہ مزدور کسان پارٹی سے میاں ممتاز، تاہنگ سنگت سے ڈاکٹر طفیل، پاکستان ورکرز پارٹی سے حمید ناصری، ایپکا قصور کے سیکرٹری جنرل ناصر مغل، اسلامیہ ڈگری کالج سے پروفیسر عدیل اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین سے عمران کامیانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام میں محکوم طبقات کو تقسیم کرنے کے لئے حکمران طبقات نہ صرف ہر طرح کے مذہبی، فرقہ وارانہ اور لسانی تعصبات کو خود پروان چڑھاتے ہیں بلکہ پھر ان کی بنیاد پر اپنی سیاست بھی چمکاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استحصال زدہ عوام کو تقسیم کرنے والا ہر تعصب استحصالی طبقات کے تسلط کو تقویت ہی دیتا ہے۔ مسئلہ مذہب، رنگ یا نسل کا نہیں بلکہ طبقے کا ہے اور پوری دنیا میں سرمایہ دارانہ استحصال کی نوعیت طبقاتی ہے جس کے خلاف لڑنے کے لئے محنت کش طبقات کی جڑت اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ آج یہ نظام عام لوگوں کو بہتر زندگی اور آسودگی دینے سے قاصر ہو چکا ہے جس سے پورا معاشرہ ایک نفسا نفسی، انتشار اور تعفن کا شکار ہے۔ نہ صرف پاکستان اور ہندوستان بلکہ ترقی یافتہ مغرب میں بھی مذہبی اور لسانی اقلیتوں کے خلاف فسطائی رجحانات کا ابھار اس نظام کی متروکیت کی عکاسی کرتا ہے۔ اس نظام میں مسائل حل ہونے کی بجائے مزید پیچیدہ ہی ہوں گے اور انسانیت کی نجات اس کے خاتمے میں ہی مضمر ہے۔

سیمینار کو منعقد کرنے میں کامریڈ ٹیپو باکسر نے اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر شرکا نے ایسی نشستیں آئندہ بھی منعقد کروانے کی بھرپور خواہش ظاہر کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*