اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے سینکڑوں ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف احتجاج

رپورٹ: PTUDC اسلام آباد

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاکستان میں فاصلاتی تعلیم کی درستگاہ ہے جہاں طلبہ و طالبات گھروں میں رہ کراپنی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ حالیہ کورونا وبا کے دوران وائس چانسلر ضیاء القیوم نے یونیورسٹی میں ملازمت پیشہ 701 ڈیلی ویجراورکنٹریکٹ ملازمین کو بغیر کوئی وجہ بتائے فارغ کر دیا۔ حالانکہ وبا کے دوران حکومت نے سرکاری و نیم سرکاری محکمہ جات اور پرائیویٹ سیکٹر کو اپنے ملازمین کو نوکریوں سے فارغ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کسی بھی ملازم جس کی مدت ملازمت تین سال سے زیادہ ہو اس کو نوکری سے بلا جواز فارغ کرنا غیر قانونی ہے۔ ملازمین کے مطابق حالیہ کرونا وباء کے پیش نظر جہاں پہلے ہی ملازمت پیشہ لوگ کٹھن حالات سے دوچار ہیں ان کو یوں بلاجواز فارغ کرنا ظلم و نا انصافی ہے۔ یہ ملازمین 10سالوں سے بھی زائد عرصہ سے یونیورسٹی میں کام کر رہے تھے۔ یونیورسٹی کی انتظامیہ کے مطابق کورونا وبا میں مالی مشکلات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا تاہم انہی سیٹوں پر دوبارہ بھرتیوں کے لئے اشتہار بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ ملازمین کے مطابق ہمیں مستقل کرنے کی بجائے برطرف کرکے نئے ملازمین بھرتی کرنے کی کوششیں کیں جا رہی ہیں اور نئے ملازمین کے لئے عمر کی حد 30سال رکھی گئی ہے۔ جہاں مالی مشکلات کا بہانہ بناجا رہا ہے وہی پر وائس چانسلر کو یونیورسٹی خرچے پرایک کروڑروپے سے زائد رقم کی نئی لگژری گاڑی دیے جانا سمجھ سے باہر ہے۔

ملازمین نے جبری بر طرفیوں کے فیصلے کا ماننے سے انکار کرتے ہوئے احتجاج کا راستہ اپنایا اورپچھلے دو ہفتوں سے یونیورسٹی گیٹ کے سامنے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ اس صورتحال میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین PTUDCاور دیگر تنظیموں کی جانب سے ملازمین کی بحالی کے لئے احتجاجی مہم  StandwithAIOUWorkers# کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ مورخہ 20اگست کو PTUDC کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چنگیز ملک اور انقلابی طلبہ محاذ RSF کے مرکزی رہنما آصف رشید کی قیادت میں وفد نے ملازمین کے کیمپ کا دورہ کیا اور انہیں اپنی حمایت کایقین دلایا۔ چنگیز ملک کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کی مزدور تنظیمیں ملازمین کی بحالی تک ان کے شانہ بشانہ لڑیں گی۔

اس طرح مورخہ 21اگست کو عوامی ورکرز پارٹی کے مرکزی رہنما عمار راشد کی قیادت میں وفد نے کیمپ میں شرکت کی اور ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کیا۔ عوامی ورکرز پارٹی اسلام آباد کی جانب سے جاری بیان میں بھی ملازمین کی جبری برطرفیوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

حال ہی میں آئی ایم ایف کی پالیسیوں اورسرمایہ داری کے خلاف پاکستان کی مزدور تنظیموں کے سب سے بڑے اتحاد ’آل پاکستان ایمپلائز پنشنرز اینڈ لیبر تحریک‘ کے رہبر، آل گورنمنٹ ایمپلائز کورآڈینشن کونسل خیبرپختونخواہ کے چیئرمین اور ایپکا پاکستان کے مرکزی چیئرمین محمد اسلم خان کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے ان کی بحالی تک جدوجہد جار ی رکھنے کے عزم کا اعیادہ کیا گیا ہے۔

PTUDC سندھ کے صوبائی صدر انور پنہور کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں ملازمین کی فی الفور بحالی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*