ملتان: صحت کے شعبے کی نجکاری کے خلاف وائی ڈی اے پنجاب کی جدوجہد

رپورٹ: محمد خضر حیات (نائب صدر YDA پنجاب)

پاکستان تحریکِ انصاف نے خیبر پختونخواہ میں اپنے پچھلے دورِ حکومت میں میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ کی شکل میں شعبہ صحت کی نجکاری کی واردات عمل میں لائی جس کو اب پنجاب میں بھی لاگو کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جس سے صحت کی مفت سہولیات سے غریب عوام کو محروم کر دیا جائے گا۔ MIT صوبہ خیبر پختونخواہ میں ناکام ثابت ہوا ہے جس کا اندازہ زمینی حقائق سے باخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ پاکستان جیسے ملک جہاں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری جیسے مسائل نے پہلے ہی عوام کا جینا محال کر رکھا ہے ایسے میں صحت کی سہولیات کی نجکاری کرنا عوام کو زندگی سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ MIT کے تحت صحت کے ملازمین کے لیے سروس اسٹرکچر کا خاتمہ، کنٹریکٹ ملازمت کی بحالی، پینشن کا خاتمہ اور مستقل ملازمت کا خاتمہ ہو جائے گا جو ملازمین کے ساتھ معاشی دہشت گردی کے مترادف ہے۔ مزید برآں، بورڈ آف گورنر کی تشکیل کر کے اُن کو ملازمین کو رکھنے اور نکالنے کے اختیارات بھی دے دئیے گئے ہیں۔ ایسے میں YDA پنچاب نے حکومت کی اس عوام دشمن پالیسی کے خلاف مزاحمت کا اعلان کیا ہے۔

اس سلسلے میں YDA ملتان نے 19فروری کو ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، جس میں مقررین نے اس پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ YDA ملتان نے ایک سیمینار بھی منعقد کیا جس میں YNA، YDA اور پیرا میڈیکس کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس سیمینار کا مقصد حکومت کی اس پالیسی کو واضح کرنا اور اس کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ YDA نے پہلے بھی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف پُرامن مزاحمت کی ہے اور آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ اس جدوجہد میں تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس مزاحمت میں ہر طرح سے شامل ہوں کیونکہ یہ سب کا مشترکہ مسئلہ ہے۔

سچے جذبوں کی قسم جیت ہماری ہوگی !

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*